دنیائے ٹینس کا تیسرا گرینڈ سلم ومبلڈن چیمپئن شپ کورونا وائرس کے باعث منسوخ کردیا گیا ہے۔ ومبلڈن انتظامیہ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث ومبلڈن گرینڈ سلم ٹینس اس سال نہیں ہوگا۔ دنیائے ٹینس کا قدیم ترین ایونٹ ومبلڈن 29 جون سے 12 جولائی تک لندن میں شیڈول تھا۔
جنگ عظیم دوئم کے بعد ومبلڈن کو پہلی بار منسوخ
دوسری جنگ عظیم کے بعد پہلی بار ومبلڈن کو منسوخ کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے آل انگلینڈ کلب کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات کے پیش نظر ایونٹ منسوخ کرنا ضروری ہے۔ اس کےعلاوہ اے ٹی پی اور ڈبلیو ٹی اے نے بھی ٹورنامنٹس کی معطلی میں اضافہ کردیا ہے۔ جس کے بعد اب تمام پروفیشنل ٹینس ٹورنامنٹس 13 جولائی تک معطل رہیں گے۔جبکہ اس سے قبل اے ٹی پی اور ڈبلیو ٹی اے نے مقابلے 8 جون تک معطل کیے تھے۔ سربیا سے تعلق رکھنے والے نوواک جوکووچ نے 2019 میں گرینڈ سلم ومبلڈن کا ٹائٹل پانچویں بار اپنے نام کیا تھا جبکہ سوئس ٹینس اسٹار روجر فیڈرر 8 بار یہ ٹورنامنٹ اپنے نام کرچکے ہیں۔ ۔
مزید پڑھیے: پاکستان کرکٹ بورڈ کو بڑا دھچکا،پاکستان سپر لیگ 5 فوری ملتوی!
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ بھی خطرے سے دو چار
کورونا وائرس کے باعث دنیائے کھیل کے بڑے بڑے ایونٹ منسوخ کیے جا چکے ہیں ۔ سال کا دوسرا گرینڈ سلم ٹورنامنٹ فرنچ اوپن بھی ستمبر تک ملتوی کیا جاچکا ہے۔جبکہ ٹوکیو اولمپکس اور یورو فٹبال چیمپئن شپ بھی ملتوی کیے جا چکے ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ کا انعقاد بھی خطرے میں نظر آرہا ہے۔خیال رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اکتوبر 2020 میں آسٹریلیا میں ہونا ہے تاہم اگر ورلڈ کپ کا انعقاد ملتوی ہوا تو پھر ٹیموں کے شیڈول کے باعث ورلڈ کپ 2 سال بعد ہی ہوسکے گا۔ جبکہ اس سے قبل پاکستان سپر لیگ کے فائنل میچز اور آئی پی ایل بھی کورونا وائرس کے باعث منسوخ کیے جا چکے ہیں