وینا ملک اور اسد خٹک میں صلح کس نے کروائی؟ اسد خٹک کا لائیو شو میں ضامن بننے پر پاکستانی عوام ناراض

پچھلے ایک ہفتے سے ہمارا میڈیا مرچ مصالحے کے ساتھ وینا ملک اور اسد خٹک کی خلع کی خبر کو جس طرح پیش کر رہا تھا کل رات آحر کار اس کا ڈراپ سین ہو گیا اور ایک میڈیا چینل ہی پر مولانا طارق جمیل کی ضمانت پر وینا ملک نے اپنے شوہر اسد خٹک کو نہ صرف معاف کر دیا بلکہ اس کے ساتھ دوبارہ گھر بسانے پر آمادگی کا اظہار کر دیا۔

سابقہ اداکارہ اور ماڈل وینا ملک جس نے اپنے کیر ئیر کا آغاز 2000 میں ماڈلنگ سے کیا تھا اس کے بعد سے آج تک وہ کسی نہ کسی حوالے سے خبروں میں رہنے کا ہنر جانتی ہیں ۔معاملہ ان تصاویر کا ہو جو انہوں نے برہنہ حالت میں ایک میگزین کے لۓ شوٹ کی تھیں یا پھر بگ باس نامی پروگرام میں حصہ لینے کا ، ہر ہر موقعہ پر میڈیا کی توجہ کا مرکز رہی ہیں ۔ وجہ شہرت مثبت ہو یا منفی ان کا یہ ماننا رہا ہے کہ بدنام ہوں گے تو کیا نام تو ہو گا۔

 

مقتولہ قندیل بلوچ کی آئيڈیل وینا ملک نے جب 25 دسمبر 2013 کو اسد خٹک کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کا اعلان کیا تو یہ خبر بھی میڈیا کی ایک بڑی خبر میں سے ایک ثابت ہوئی اور پھر بیٹے اور بیٹی کی پیدائش کے ساتھ ساتھ مذہبی پروگراموں کی میزبانی سے دیکھنے والوں کو یہ یقین ہوتا گیا کہ اب حالات سب ٹھیک ہو گۓ ہیں ۔

مگر ایک بار پھر خبروں کا عنوان بننے کی شوقین وینا ملک اپنی خلع کی خبر کے ساتھ تمام میڈیا چینلز کی زینت بن گئی ۔ اس بار معاملہ ان کے شوہر کے ساتھ ان کی کشیدگی کا تھا ۔مگر سنجیدہ حلقوں کی جانب سے اب بھی اس بات کی بازگشت سنی جا رہی تھی کہ یہ سب کچھ صرف میڈیا کی توجہ اپنی جانب مبذول کروانے کے لۓ کیا گیا ہے ۔

اور چونکہ ہمارے میڈیا کے پاس کوئی اور کام تو ہے ہی نہیں اس لۓ ہر فرد وینا ملک اور اسد خٹک  کی صلح کروانے پر لگ گیا یہاں تک کہ مفتی عبد القوی بھی میڈیا پر آکر یہ اعلان کرنے لگے کہ ان کے پاس دوبارہ رجوع کا حق موجود ہے اور وہ بھی کوشش کریں گے کہ ان کا گھر دوبارہ سے بس جاۓ ۔

مگر اس اہم کام کا قرعہ جناب مولانا طارق جمیل صاجب کے نام نکلا اور انہوں نے لائیو پروگرام میں اسد خٹک کی ذمہ داری لے کر دونوں میں صلح کروادی اور پاکستانی عوام اس سارے واقعے کو ڈرامہ سمجھنے کے باوجود تالیاں پیٹتی پھر رہی ہے ۔ہماری اس بات سے قطعی یہ مطلب نہیں ہے کہ ہمیں وینا ملک کے گھر کے بسنے کی خوشی نہیں ہے ۔مگر کیا کریں لوگ اس سارے ڈرامے کو جب عقل کے پیراۓ میں جانچ رہے ہیں تو اس کہانی کے جھول ان کو اسے حقیقت تسلیم کرنے نہیں دے رہے ہیں ۔

آخر میں ہم دعا ہی کر سکتے ہیں کہ اللہ وینا ملک اور اسد خٹک کو اپنے گھر میں خوش رکھے اور جو ذمہ داری مولانا طارق جمیل نے پوری دنیا کے سامنے لی ہے اسد خٹک اس کا پاس رکھیں

To Top