جمعۃالمبارک کے دن سورۃ الکھف پڑھنے کا حکم کیوں دیا گیا ہے؟

سورۃ الکھف ایک مکی سورۃ ہے جو قرآن کے اٹھارویں پارے میں ہے ۔یہ سورۃ ایک سو دس آیات پر مشتمل ہے ۔ کہف عربی زبان میں غار کو کہتے ہیں ۔اس سورۃ میں چار مضامین کو بیان کیا گیا ہے ۔اور ان مضامین کو بیان کرنے کے لۓ اللہ تعالی نے مختلف واقعات کا استعمال کیا ہے ۔

سورۃ الکھف کے موضوعات

سب سے پہلا مضمون ایمان کے امتحان کا ہے جس کا ذکر ابتدائی آیات میں ہے ۔جس میں اصحاب الکھف کا واقعہ بیان کیا گیا ہے کہ کس طرح اللہ کے بھروسے پر سیکڑوں سال تک ایک غار میں سوتے رہے اور جب اللہ نے چاہا ان کو دوبارہ جگا دیا یعنی اللہ ہر چیز پر قادر ہے وہ جو چاہے کر سکتا ہے ۔

دوسرے مضمون میں دولت کے ذریعے انسان کو جانچا گیا ہے کہ وہ اللہ کی اس نعمت کے ملنے کے بعد کس طرح اللہ کے بندوں کے ساتھ برتاؤ کرتا ہے۔ اور اللہ کی نظر میں دولت والوں سے زیادہ اہمیت ایمان والوں کی ہے ۔

تیسرے مضمون میں علم کے ذریعے جانچا گیا ہے اس میں حضرت موسی اور حضرت خضر کا واقعہ بیان کیا گیا ہے ۔اور اس واقعے کے ذریعے بیان کیا گیا ہے کہ انسان کا علم محدود اور ظاہری ہوتا ہے جب کہ اللہ تعالی کی ذات علیم و خبیر ہے اور جو وہ جانتا ہے اس تک ہماری سوچ بھی نہیں جا سکتی ۔

تیسرے مضمون میں انسان کو طاقت کے ذریعے جانچا گیا ہے اور اس کے لۓ حضرت ذوالقرنین اور یاجوج ماجوج کے واقعات کو مثال بنایا گیا ہے کہ کس طرح ایک کمزور انسان بھی اللہ پر یقین کے سہارے اپنے سے مضبوط دشمن کو شکست دے سکتا ہے

سورۃ الکھف کی جمعہ کو پڑھنے کی تاکید

سورۃ الکھف کو جمعہ کی رات یا جمعہ کے دن پڑھنے کی بہت تاکید کی گئی ہے اور یہ تاکید احادیث سے بھی ثابت ہے ۔

سیدنا ابوسعید خدری بیان کرتے ہیں کہ نبیﷺ نے فرمایا  جس نے جمعہ کی رات سورۃ الکھف پڑھی اس کے اور بیت اللہ کے درمیان نورکی روشنی ہوجاتی ہے ۔

اسی طرح ایک اور جگہ فرمایا گیا ہے

جس نے جمعہ کے دن سورۃ الکھف پڑھی اسے کے لیے دوجمعوں کے درمیان نورروشن ہوجاتا 

سورۃ الکھف کے فضائل بیان کرتے ہوۓ نبی کریم نے فرمایا

حضرت ابو الدردا رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا جو شخص سورۃ الکھف کی ابتدائی دس آیات یاد کرے گا ،وہ دجال کے فتنے سے بچے گا ۔ایک اور روایت میں ہے کہ جس نے آخری دس آیات پڑھ لیں اور پھر دجال نکل گیا تو دجال اس پر مسلط نہ ہو گا 

اللہ ہم سب کا خاتمہ ایمان پر کرے اور فتنہء دجال سے محفوظ رکھے ۔ہمیں وہ علم عنایت کرے جو اس کی راہ میں  خرچ ہو ،وہ طاقت عنایت کرے جو اس کے دین کی سربلندی میں استعمال ہو ،وہ دولت عطا فرماۓ جو خیر و برکت کا سبب ہو، آمین

To Top