سپریم کورٹ کی پابندی کے باوجود ویلنٹائن ڈے منانے کے کچھ مجرب نسخے

کچھ جرم ایسے ہوتے ہیں جو چھپ کر کرنے کا مزہ ہی اور ہوتا ہے ۔ پابندیاں شوق کو اور بڑھا دیتی ہیں ۔محبوب کا دیدار بھی ان میں سے ایک ہے ۔ عاشق کشاں کشاں دیدار یار کے کوچے کی جانب کھنچا چلا آتا ہے اور پھر اس کی ایک جھلک اس کو وہ سکون بخش دیتی ہے جس کی لذت آب حیات جیسی ہوتی ہے۔

محبت اور ہوس دو بالکل جدا معاملے ہیں ۔ لوگ ویلنٹائن ڈے کا نام بے حیائی رکھ لیں مگر پھر بھی محبت کے وجود سے انکار نہیں کر سکتے ۔یہ ایک فطری جذبہ ہے جو معاشرتی حدود میں رہتے ہوۓ بھی پنپتا ہے ۔

سپریم کورٹ نے ویلنٹائن ڈے پر پابندی لگا کر اچھا کیا یا برا یہ ایک علیحدہ بحث ہے مگر یہ یاد رکھنا چاہۓ کہ پابندی کسی مسئلے کا حل نہیں ہوتی ۔ لوگ چھپ کر ہی سہی مگر اپنے محبوب کو یہ ضرور بتائیں گے کہ وہ اس سے کتنا پیار کرتے ہیں ۔ اور جب جب پابندی آڑے آۓ گی محبت بڑھتی جاۓ گی ۔ایسے میں کیا کیا ہو سکتا ہے آئیے جانتے ہیں ۔

کسی ہوٹل میں ملاقات کے وقت ٹاسک فورس سے بچنے کے لیے

1

وزیر اعلی پنجاب نے ایک ایسی ٹاسک فورس تشکیل دے دی ہے جو ہوٹلوں پر لوگوں کو چیک کرے گی کہ کہیں وہ لوگ چھپ کر ویلنٹائن ڈے تو نہیں منا رہے اس کا آسان حل یہ ہے کہ جب آپ اپنے ویلنٹائن سے ملنے جائیں تو پڑوسیوں کا یا رشتے داروں کا چھوٹا بچہ ساتھ رکھ لیں جب فورس والے آپ کو پکڑنے آئیں تو ان کو بتا دیں کہ آپ تو اس بچے کو گھمانے لاۓ تھے اس طرح آپ کی ملاقات بھی ہو جاۓ گی اور ساتھ میں پکڑ بھی نہ ہو گی ۔

چاکلیٹ کی خریداری کا طریقہ

2

محبوب کو چاکلیٹ کا تحفہ دیۓ بغیر تو ویلنٹائن ڈے کا تصور ہی محال ہے اس کے لۓ بھی ایک حل موجود ہے آپ دکان پر جائیں اور اس سے مہینے بھر کا راشن خریدیں اور اس کے ساتھ ساتھ چاکلیٹ بھی خرید لیں اس طرح کسی کو شک بھی نہیں ہو گا کہ آپ ویلنٹائن ڈے کی تیاری کر رہے ہیں ۔

پھولوں کا تحفہ دینے کا طریقہ

3

اس کے لۓ آپ کو اپنے حلیے میں تھوڑی سے تبدیلی کرنی پڑے گی۔ سر پر سفید رنگ کی ایک ٹوپی پہن لیں اور تھوڑی سی شیو بھی بڑھا لیں دکان پر جائیں اور اس سے کھلے پھول، عرق گلاب اور اگر بتیاں طلب کریں۔

ان سب چیزوں کی خریداری کے بعد اس سے سرخ گلاب کی کلیوں کا تقاضا کریں کہیۓ گا کہ مرحوم کو بہت پسند تھے اس لۓ آپ وہ بھی خریدنا چاہیں گے ۔جب وہ کلیاں دے تو باقی سامان یہ کہہ کر واپس کر دیں کہ یہی کافی ہیں ۔اس طرح بھی آپ اس شک سے مبرا ہو سکتے ہیں کہ آپ ویلنٹائن ڈے منانے جا رہے ہیں ۔

امید ہے کہ ان طریقوں کو استعمال کرتے ہوۓ آپ محفوظ طریقے سے اپنے ویلنٹائن کے ساتھ ویلنٹائن ڈے منا سکتے ہیں ۔

کورونا علما نے پھیلایا ، فواد چوہدری کی مذہبی طبقے پرپھر سے چڑھائی

To Top