اسٹریٹ کرائمز کا شکار لوگوں کے لۓ ہدایت نامہ جاری

پاکستان بھر میں اسٹریٹ کرائمز کی بڑھتی ہوئی شرح اور اس کے نتیجے میں ہونے والی اموات نے ہمیں ایک ضابطہ اخلاق مرتب کرنے پر مجبور کر دیا ہے ۔ یہ ضابطہ اخلاق لٹنے والوں کے لۓ ہے کیونکہ لوٹنے والوں یا اسٹریٹ کرائمز کرنے والوں کا اگر کوئی اخلاق ہوتا تو وہ لوٹتے ہی کیوں ؟

اسٹریٹ کرائم کرنے والے سے کبھی بحث مت کریں

1

لوٹنے والے سے کبھی بحث مت کریں کہ موبائل سے سم نکال لینے دو،یا والٹ سے کارڈ نکال لینے دو،گھر پہنچنے کا کرایہ دے جاؤ کیونکہ جو لوٹنے آیا ہے اس کے پاس ان فضول کاموں کے لۓ ٹائم نہیں ہوتا ہے ۔ایسا نہ ہو کہ اس کو آپ کی یہ باتیں بری لگ جائیں اور وہ ناراض ہو جاۓ۔

اسٹریٹ کرائم کرنے والے کو پہچاننے کی کوشش نہ کریں

2

کبھی بھی لوٹنے والے کے سامنے اس بات کا اظہار مت کریں کہ آپ نے اس کو پہچان لیا ہے ۔ورنہ آپ کے بھیجے میں اس کی گولی آپ کے دماغ میں سے ہر شناخت مٹا سکتی ہے ۔وہ فقیر لوگ ہوتے ہیں گمنام رہنا پسند کرتے ہیں ۔

اسٹریٹ کرائم کرنے والے کے لۓ اپنی جیب میں پیسے ضرور رکھیں

4

کسی کو مایوس کرنا بہت بری بات ہے لہذا کبھی بھی خالی جیب گھر سے باہر مت نکلیں بلکہ اپنی جیب میں چار پانچ سو لازمی طور پر رکھیں تاکہ جو آپ کو لوٹنے آۓ اس کو مایوسی نہ ہو کیونکہ مایوسی کے عالم میں وہ کچھ بھی کر سکتا ہے ۔

نخرے مت دکھائیں

3

لوٹنے والا جو کہے فٹافٹ نکال کر اس کے حوالے کرتے جائیں ۔ان کے پاس آپ کے نخرے دیکھنے کا ٹائم نہیں ہوتا ۔اور اگر آپ نے ذیادہ نخرے دکھا دیئے تو غصہ میں کچھ بھی ہو سکتا ہے ۔

ہتھیار چھیننے کی کوشش مت کریں

6

بعض لوگ خود کو کوئی فلمی ہیرو سمجھ کر لوٹنے والے سے اس کے ہتھیار چھیننے کی کوشش کر بیٹھتے ہیں یاد رکھیں ہتھیار مرد کا زیور ہوتا ہے ۔اور کسی بھی مرد کی مردانگی یہ برداشت نہیں کرے گی کہ آپ اس کی عزت پر ہاتھ ڈالیں ۔اس لۓ اس عمل سے خاص طور پر پرہیز کریں ۔

بدتمیزی نہ کریں

5

اکثر لوگ حالت غصہ میں اناپ شناپ نکال دیتے ہیں جو اسٹریٹ کرائم کرنے والے کو برا بھی لگ سکتا ہے لہذا کوشش کریں کہ آپ کے منہ سے ایسے کوئی الفاظ نہ نکلیں جو کہ بدتمیزی کے زمرے میں آتے ہوں

پیچھا نہ کریں

7

اسٹریٹ کرائم کرنے والے آندھی کی طرح آتے ہیں اور طوفان کی طرح جاتے ہیں اور طوفانوں کا پیچھا نہیں کیا جاتا کیونکہ اس کے نتیجے میں سراسر نقصان آپ کا اپنا ہوتا ہے ۔

لٹنے کے بعد ایک چکر پولیس کا بھی لگا لیں

8

اگرچہ پولیس کے پاس جانے کا بظاہر کوئی فائدہ نہیں ہوتا نہ ہی مسروقہ مال برآمد ہوتا ہے مگر پولیس کے پاس جانے کا یہ فائدہ ضرور ہوتا ہے کہ ہو سکتا ہے کہ آپ کی مسکین شکل دیکھ کر پولیس اسٹریٹ کرائم کرنے والوں کو مستقبل میں آپ سے دور رہنے کی درخواست کر دے

یہ ساری باتیں ایک پبلک سروس پیغام کی صورت میں بیان کی گئی ہیں اور ان کا بنیادی مقصد آپ کی قیمتی جان کا تحفظ ہے امید ہے آپ اس پرنہ صرف  عمل پیرا ہوں گے بلکہ دوسروں کو بھی اس کی تلقین کریں گے ۔ 

تنہائی، بیماری اور کورونا کاخوف،سیلف آئسولیشن میں کسے خود کو مصروف کھیں؟

To Top