امریکی کونسلیٹ جنرل گریس شیلٹن کا سندھ ثقافتی دن کے موقع پر مکلی قبرستان کا دورہ

امریکی کونسلیٹ جنرل گریس شیلٹن نے کہا ہے کہ سندھ کی دھرتی محبت امن اور پیار کی دھرتی ہے یہ دھرتی انسانیت سے پیار کا سبق دیتی ہے۔ سندھ کے ثقافتی اور تاریخی ورثہ کو اس کی اصل حالت میں بحال رکھنے اور محفوظ بنانے کے لیے امریکہ اپنا کردار ادا کر رہا ہے اور کرتا رہے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مکلی کے تاریخی قبرستان مکلی میں امریکی ایمبسیڈر فنڈز برائے ثقافتی تحفظ ورثہ کے تعاون سے سلطان ابراہیم اور امیر سلطان محمد کے مقبروں کو محفوظ کرنے کے منصوبے کی تکمیل پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ نے دونوں مقابر کی بحالی کے لیے دو لاکھ 60 ہزار ڈالر سے زائد رقم فراہم کی ہے مکلی کے تاریخی قبرستان کو یونیسکو نے 1981 میں عالمی ثقافتی ورثہ کی فہرست میں شامل کیا تھا امریکی فنڈز برائے ثقافتی تحفظ ورثہ فن و ثقافت کے شعبہ میں امریکہ اور پاکستان کی شراکت داری کا واضح عکاس ہے کیونکہ ثقافتی ورثہ پوری انسانیت کا ورثہ ہے۔

قبل ازیں ہیریٹیج فاؤنڈیشن کی چیف ایگزیکٹو یاسمین لاری نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا مسلم دنیا کا سب سے بڑا آثار قدیمہ اور قبرستان مکلی کا ہے سلطان ابراہیم کا مقبرہ اس کی اصل حالت میں برقرار رکھنے کے لیے ماہرین کی خدمات حاصل کی گئی تھیں سرخ اینٹوں، کاشی کی ٹائلز اور فرش کو بھی اس کی اصل حالت میں محفوظ رکھا گیا ہے۔

موسمیاتی تبدیلیوں اور بارش سے مقابر کو نقصان پہنچتا ہے تاہم اب اسکی اصل حالت میں محفوظ کر لیا گیا ہے بعد ازاں امریکی کونسلیٹ جنرل کو اجرک اور شیلڈ پیش کی گئی

To Top