“ہمیں یقین ہے کہ سرفراز دھوکا نہیں دے گا”

مشہور ہندوستانی فلم پی کے کے ڈائیلاگ لکھنے والے کو خود بھی اندازہ نہیں ہو گا کہ اس کا ایک ڈائیلاگ ایک قوم کے عزم و یقین کا سبب بن جاۓ گا ۔ خلا سے آۓ ہوۓ ایک فرد کا سوچتی ہوئی آنکھوں کے ساتھ پر عزم انداز میں یہ کہنا کہ سرفراز دھوکا نہیں دے گا ۔پاکستانی قوم کے لۓ ایک ذریں قول بن گیا ۔

اگر سرفراز احمد کے کیرئیر کو اٹھا کے دیکھیں تو 2007 سے انٹرنیشنل کرکٹ سے اپنے کیرئیر کا آغاز کرنے والے اس کھلاڑی نے بارہا مواقع پر اپنی کارکردگی کے ذریعے قوم کے اعتماد کو مضبوط سے مضبوط تر کیا ہے ۔ سرفراز احمد کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ ٹی 20 کی کپتانی کرتے ہوۓ وہ دنیا کے پہلے کپتان ہیں جس نے پہلے چھ میچوں میں فتوحات حاصل کیں ۔

سال 2015 کے ورلڈ کپ کے میچ میں وہ سرفراز ہی تھے جس نے ساؤتھ افریقہ کے خلاف 49 گیندوں پر 49 رن بنا کر اور وکٹ کے پیچھے 6 شکار کر کے قوم کو سرفراز کیا تھا ۔

فروری 2017 میں پی سی بی نے اظہر علی کی جگہ جب سرفراز احمد کو ون ڈے فارمیٹ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کپتان منتخب کیا تو یہ سرفراز احمد ہی تھے جن کی قیادت میں پاکستانی ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو اسی کی سرزمین پر شکست سے ہمکنار کیا ۔ آج پھر اسی سرفراز سے قوم کی امیدیں وابستہ ہیں ۔

اگرچہ ہم جانتے ہیں کہ چمپینز ٹرافی کے سیمی فائنل میں پاکستانی ٹیم کا مقابلہ انگلینڈ کی اس ٹیم سے ہے جو کہ پورے ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہی ہے ۔ انگلینڈ وہ ٹیم رہی ہے جو کہ پچھلی سات میں سے چھ ون ڈے سیریز جیت چکی ہے ۔جس کا بالنگ اسکواڈ کپتان این مورگن کی کپتانی میں چمپینز ٹرافی میں یہ ثابت کر چکا ہے کہ ہر چار سے پانچ اوور میں وہ لازمی وکٹ لے کر کسی بھی ٹیم کے بیٹنگ آرڈر کو تہس نہس کر سکتے ہیں ۔

انگلینڈ کی ٹیم کے بلے بازوں کا اگر جائزہ لیں تو پتہ چلے گا کہ اس چیمینز ٹرافی میں اس کے پانچ بلے باز 50 رنز کا سنگ میل عبور کرنے میں کامیا ب ہوۓ ہیں ۔ اس انگلینڈ کی ٹیم کا مقابلہ کرنے کے لۓ پاکستان کے پاس صرف دو بلے باز ہیں جو کہ 50 رنز کا حدف عبور کرنے میں کامیاب ہوۓ ایک سرفراز اور دوسرے فاخر زمان ۔

بلے بازی کے بعد اگر بالنگ پر بھی نظر ڈالی جاۓ تو عامر اور جنید کے ساتھ ساتھ اٹھارہ سالہ نا تجربہ کار شاداب علی نظر آتا ہے ۔ مگر پاکستانی قوم یہ جانتی ہے کہ میچ اعداد و شمار سے نہیں جیتے جاتے ۔

پاکستانی ٹیم نے سرفراز احمد کی قیادت میں یہ ثابت کیا ہے کہ وہ بڑے سے بڑا اپ سیٹ کرنے کی صلاحیت اور جذبہ رکھتی ہے ۔ پوری قوم کی دعائیں رمضان کے بابرکت موقعے پر اپنی ٹیم کے ساتھ ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ سرفراز آج بھی دھوکا نہیں دے گا۔

وہ پانچ وجوہات جن کی وجہ سے پی ایس ایل 5 کی مقبولیت ماند پڑی

To Top