سردیوں کے موسم میں جلد کا خیال کیسے رکھنا چاہیئے؟

سردیوں کا موسم ویسے تو سب ہی کے لۓ پسندیدہ ہوتا ہے۔ اس موسم کی آمد کے ساتھ ساتھ تازگی کا احساس ہمیں اس کے استقبال کے لۓ آمادہ کرتا نظر آتا ہے۔ ڈرائی فروٹ ، رنگ برنگی سبزیاں اور رس دار پھل اس موسم کا وہ تحفہ ہوتے ہیں۔جن سے کوئی بھی انکار نہیں کر سکتا ۔

مگر بدقسمتی سے اس موسم کے استقبال میں ہماری جلد ہمارا ساتھ نہیں دیتی ہے۔ اس موسم میں وہ ہم سے روٹھ سے جاتی ہے موسم کی خشکی کے سبب اس کی رنگت ماند سی پڑجاتی ہے۔ اس کی چمک دمک کہیں گم ہو جاتی ہے۔ جس کو واپس لانے کے لۓ ہم مہنگے موسچرائزرز اور کولڈ کریمز کا استعمال کرتے ہیں۔مگر ان سب کا اثر عارضی ہوتا ہے۔ ان مہنگی کریموں کے استعمال کے دوران ہم بھول جاتے ہیں کہ ہمارے اپنے باورچی خانے میں اس مسئلے کا انتہائی ارزاں حل موجود ہوتا ہے ۔

پپیتے کا ماسک

پکے ہوۓ پپیتے اور کیلے کو پیس کر یک جان کر لیں اس کے اندر دو چمچ شہد ملا لیں۔ اس کے بعد اس کو چہرے پر اور دیگر خشک جگہوں پر لگا لیں۔کچھ دیر کے بعد منہ سادہ پانی سے دھو لیں۔ اس سے نہ صرف چہرے کی تازگی میں اضافہ ہو گا بلکہ اس کے ساتھ چہرے پر پڑنے والی جھریاں بھی ختم ہوں گی

دودھ اور بادام کا ماسک

ایک چمچ پسے ہوۓ بادام اور دو چمچ دودھ لے کر اس کا پیسٹ بنا لیں۔ اس کو چہرے پر لگا کر خشک ہونے دیں۔ اس کے بعد تازہ پانی سے دھولیں۔ دودھ اور بادام کے اندر موجود وٹامن ای نہ صرف جلد کی رنگت کو بحال کرتا ہے بلکہ اس کو کھلا کھلا اور تروتازہ بناتا ہے۔

مکھن کے دودھ اور دہی کا ماسک

مکھن کا دودھ درحقیقت وہ دودھ ہوتا ہے جو چھاچھ بنانے کے بعد مکھن نکالنے کے بعد حاصل ہوتا ہے۔ اس کو ہم وزن دہی کے ساتھ ملا کر دس سے پندرہ منٹ تک جلد پر لگاۓ رکھیں۔ دھونے کے بعد جلد میں ہونے والی تبدیلی آپ کو بھی حیران کر دے گی۔

گلیسرین کا ماسک

گلیسرین ایک انتہائی سستا اور آسانی سے مل جانے والا جز ہے۔ چہرے کو سادہ پانی سے دھونے کے بعد ہلکا خشک ہونے کے بعد روئی سے دھیرے دھیرے گلیسرین کو چہرے پر لگا دیں۔ اس کو دھونے کی بھی ضرورت نہیں ہے ۔ یہ دن بھر آپ کے چہرے کو موسم کی خشکی سے بچا کر رکھے گا۔

پٹرولیم جیلی کا استعمال

نہانے سے قبل پٹرولیم جیلی کو پورے جسم اور چہرے پر ہلکے ہاتھوں سے مساج کر لیں۔ پندرہ منٹ کے بعد نیم گرم پانی سے نہا لیں۔ اس سے جسم اور چہرے کی خشکی کا خشکی کا خاتمہ ہوتا ہے۔

زیتون کے تیل اور انڈے کی زردی کا ماسک

دو انڈوں کی زردی میں چند قطرے زیتون کا تیل ملا لیں اور اس کو اچھی طرح بلینڈ کر لیں۔ اس کے بعد اس کو چہرے پر بیس منٹ تک لگا رہنے دیں۔ دھونے کے بعد نہ صرف جلد چمکدار اور تروتازہ ہو جاۓ گی بلکہ اس کے ساتھ ساتھ داغ دھبے بھی دور ہو جائیں گے

لیموں اور شہد کا ماسک

دو چمچ شہد میں آدھا لیموں نچوڑ لیں۔ اس کو اچھی طرح ملا لیں اور اس کو چہرے پر لگا لیں خشک ہونے کے بعد اس کو دھولیں اس سے نہ صرف رنگت سفید ہوتی ہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ جلد کے دھبے بھی صاف ہوتے ہیں۔

امید ہے ان ٹوٹکوں کے ذریعے نہ صرف آپ اپنی روٹھی ہوئی جلد کو منا پائیں گۓ۔بلکہ اس کے ساتھ ساتھ اپنے پسندیدہ موسم کا لطف بھی اٹھا پائیں گے۔

To Top