موہنی سی صورت ، پیاری ادائیں اور اس پر اپنے کام کے لۓ جوش و جزبہ سجل علی کو اپنے عصر کی دیگر اداکاراؤوں سے ممتاز کرتی ہے ۔اس کے کیرئیر میں کامیابیوں کے سنگ میل شامل ہوتے جا رہے ہیں محمود آباد کی ملکائیں نامی ڈرامے سے شائقین کی نظروں میں آنے والی اداکارہ سجل علی کے دامن میں گل رعنا جیسے ڈرامے کی کامیابی صرف اور صرف اس کی مستقل مزاجی اور محنت ہی کے سبب ممکن ہو سکی ۔
سجل علی نے کامیابیوں کے اس سفر میں صرف ڈراموں پر ہی اکتفا نہیں کیا بلکہ لالی وڈ میں زندگی حسین ہے جیسی فلم اور بولی وڈ میں فلم مام میں اس کے کام کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ اس باصلاحیت اداکارہ کی منزلیں بہت دور تک ہیں اور شہرت کے آسمان چھونے کی خواہش اب اس سے دور نہیں ہے
آج کل سجل علی ہم ٹی وی کے ڈرامے او رنگریزہ میں اپنی منفرد اداکاری سے دیکھنے والوں کے دل جیت رہی ہے مگر اس ڈرامے میں سجل علی نے اداکاری کے ساتھ ساتھ اس کے او ایس ٹی کو گا کر موجودہ دور کی گلوکارواں کے لۓ بھی خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے ۔ خوبصورت آواز کے ساتھ ساتھ اس کی انداز گائیکی نے سننے والوں کے دل موہ لۓ ہیں ۔
سجل علی کی گائیکی سننے کے بعد لگنے لگا ہے کہ اداکاری کے ساتھ ساتھ وہ اب گلوکاری میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کا فیصلہ کر چکی ہیں ۔ اور ان کی محنت اور جاں فشانی کی عادت دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ اس شعبے میں بھی کامیابیاں سجل علی کے قدم چومنے کے لۓ بے تاب ہیں ۔
گلوکار ساحر علی بگا کے ہمراہ سجل علی کی پر اعتماد پرفارمنس سننے والوں کو نہ صرف مسحور کر رہی ہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ پر امید بھی ہیں کہ سجل علی گانے کا سلسلہ جاری رکھیں گی۔