کیا پیمرا ڈرامہ سیریل “سمی” پر بھی پابندی لگانے کی تیاری کر رہا ہے؟

پاکستانی ڈرامے ہر دور میں اپنے معیار اور موضوعات کے سبب مثالی رہے ہیں ۔ان کی خصوصیت حقیقت سے قریب ترین موضوعات رہے ہیں ۔مختلف معاشرتی مسائل کی عکاسی کے سبب ان ڈراموں کی مقبولیت میں روز افزوں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے ۔

پچھلے سال کا مقبول ترین ڈرامہ اڈاری جو کہ بچوں سے جنسی ذیادتی جیسے حساس موضوع پر تھا ۔اس نے نہ صرف عوام میں مقبولیت حاصل کی بلکہ اس کے ساتھ ساتھ اس نے لوگوں میں اس بات کا شعور بھی پیدا کیا کہ ایسے حالات کا مقابلہ کیسے کیا جاتا ہے اور اپنے بچوں کو ایسے حالات سے کیسے بچایا جا سکتا ہے ۔

24

اس کے بعد ایک اور حساس موضوع کو ڈرامہ سیریل “خدا میرا بھی ہے”  میں بھی اٹھایا گیا ۔اگرچہ یہ ڈرامہ عوام میں اڈاری کی طرح مقبولیت تو نہیں حاصل کر سکا مگر اپنے موضوع کے اچھوتے ہونے کے سبب عوام کو چونکا ضرور گیا کہ معاشرہ ہیجڑہ پیدا ہونے والے بچوں کے ساتھ کیا سلوک کرتا ہے ۔ امید ہے کہ اس ڈرامے کے سبب ہم لوگ اپنے روئیے کو قدرت کے ستاۓ ان لوگوں کے ساتھ تبدیل ضرور کریں گے ۔

25

اس اتوار کو اڈاری کی ٹیم ہی کی جانب سے ایک اور ڈرامے سمی کی پہلی قسط پیش کی گئی ۔ڈرامے کی پہلی قسط نے ہی چونکا دیا ۔یہ ڈرامہ ہمارے پسماندہ علاقوں کی ایک قدیم رسم ونی کے بارے میں ہے ۔اس رسم کے مطابق قتل کی صورت میں قاتل کا خاندان مقتول کے خاندان کو خون بہا کے طور پر اپنے گھر کی ایک عورت پیش کرتا ہے ۔اور اس طرح اس بے قصور کی قربانی کی قیمت پر قاتل آزادی اور معافی حاصل کرتا ہے ۔

ڈرامے کا موضوع ونی کے نتیجے میں اس عورت کی زندگی کے واقعات پر مبنی ہے جو ونی کر دی جاتی ہے ۔ایسے بولڈ موضوعات پر آواز اٹھا کر ہمارا میڈیا اپنے باشعور اور حساس ہونے کا اظہار کر رہا ہے ۔امید ہے کہ اس کی ان کوششوں کے نتیجے میں معاشرے میں مثبت تبدیلی آۓ گی ۔اور ایسے فرسودہ رسوم و رواج کا خاتمہ ہو سکے گا جو کہ گھن کی طرح کھا رہا ہے ۔

To Top