اسلام دین فطرت ہے ہمارے پیارے نبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی زندگی پر اگر نظر ڈالیں تو پتہ چلتا ہے کہ انہوں نے دین و دنیا کے تما م فرائض کی ادائگی اسلامی اصولوں کے مطابق نہ صرف ادا کی بلکہ اس کو سنت کی شکل میں تمام مسلمانوں کے لیۓ رہنمائي کا وسیلہ بھی بنا گۓ
معاملہ ستر کا ہو یا طہارت کا ، پاکیزگی کا ہو یا صفائی کا ، معاشرت کا ہو یا تنہائی کا ہر ہر جگہ اور مقام پر اسلام کے اندر اس کے حوالے سے رہنمائی موجود ہے ۔قرآن و سنت کی صورت میں موجود یہ رہنمائی کسی ایک دور یا کسی خاص علاقے کے لیۓ نہ تھی ۔بلکہ ہر زمانے اور ہر دور کے لوگوں کے لیۓ ہے
مگر اس کے باوجود حضرت انسان اشرف المخلوقات ہونے کے باوجود شیطان کے بہکاوۓ میں اسطرح آجاتے ہیں کہ جانتے بوجھتے خود کو گناہ کی ایسی پستی میں دھکیل دیتے ہیں جہاں سے واپسی کا کوئی راستہ نظر نہیں آتا ۔ جیسے ہر رات کے بعد دن ہوتا ہے اسی طرح ہر مشکل کے بعد آسانی بھی ہوتی ہے
مگر بے صبرا انسان شیطان کے بہکاوے میں آکر اللہ کی جانب لو لگانے کے بجاۓ ایسے انسانوں کے پاس اپنی ضروریات کی تکمیل کے لیۓ رجوع کر لیتا ہے جو کہ خود اپنی ضروریات کے لیۓ بھی اللہ کے محتاج ہوتے ہیں ایسے لوگوں کو یہ توہم پرست اور کمزور عقیدے کے حامل لوگ اپنا ان داتا یا پیر بنا لیتے ہیں
ایسے ہی ایک پیر صاحب کی ویڈیو آج کل سوشل میدیا کی زینت بنی ہوئی ہے جن کے معتقدین میں مرد کم اور عورتیں زیادہ ہیں ۔ ان پیر صاحب کی اللہ سے قربت کا یہ عالم ہے کہ وہ وجد کے اس عالم میں لباس اور ستر کے حوالے سے بے پرواہ ہو گۓ اور الف برہنہ حالت میں اپنے معتقدین کو نہ صرف زیارت کا موقع فراہم کرتے ہیں بلکہ اسی برہنہ حالت میں اپنی روحانی کرامات کے ذریعے اپنے مریدوں کے مسائل بھی حل فرماتے ہیں
اس جعلی پیر عرف عام پیر ننگے شاہ کا تعلق آزاد کشمیر سے ہے جہاں پر ان کا آستانہ ہے وہاں سینکڑوں کی تعداد میں ان کے مرید ان کے پاس حاضری دینے آتے ہیں ۔ ویڈیو کے مطابق ان پیر صاحب کی ایک مریدنی جن کے لیۓ پیر صاحب قطعی نامحرم ہیں اور برہنہ حالت میں ہیں ان کو یہ پیرنی کھانا لا کر دیتی ہے
حیرت انگیز بات یہ ہے کہ لباس کی ضرورت سے لاپرواہ یہ پیر صاحب ساڑھے سات منٹ کی اس ویڈیو میں اپنی اس مریدنی کے سامنے انتہائی انہماک سے الٹے ہاتھ سے کھانا کھاتے رہے ۔سوال یہ ہے کہ جو انسان لباس کی ضرورت سے تو اللہ کی راہ میں چلتے ہوۓ آزاد ہو گیا اس کے لیۓ غذا کی اہمیت اتنی زیادہ کیوں ہے ؟ پھر اگر وہ اللہ کے اتنے قریب ہے تو اللہ کے ایک حکم یعنی سیدھے ہاتھ کے استعمال تک کی پیروی کیوں نہ کر سکا
ان جعلی پیر ننگے شاہ جیسے پیروں کی چنگل سے بچنے کا سب سے آسان طریقہ یہ ہے کہ انسان اپنا عقیدہ اور اپنا یقین اللہ کی جانب مضبوط رکھے اور اس کے ساتھ ساتھ اپنی عقل کا بھی استعمال کرے تاکہ اس قسم کے شعبدہ بازوں کی نہ صرف شناخت کر سکے بلکہ ان سے بچ بھی سکے