رنویر سنگھ اور دپیکا پڈوکون فلم پدماوتی کی شوٹنگ کے بعد نفسیاتی ڈاکٹروں کے رحم وکرم پر

ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی فلمیں بڑے بجٹ اور بڑے موضوعات کی فلمیں ہوتی ہیں، سنجے جب بھی فلم بناتے ہیں وہ پیسہ اور پسینہ دونوں پانی کی طرح بہا کر بناتے ہیں اور یہی توقع وہ اپنے ساتھیوں سے بھی کرتے ہیں کہ محنت کرنے میں کہیں پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

یہی سبب ہے کہ سنجے کی بیشتر  فلموں کو معرکتہ الارا کامیابیاں حاصل ہوتی ہیں ۔ چاہے وہ فلم خاموشی ہو یا ہم دل دے چکے صنم ، دیوداس ہو یا رام لیلا یا باجی راو مستانی ان تمام فلموں کے کردار فلم شائقین کے دلوں میں آج بھی زندہ ہیں ۔

گزشتہ ایک سال سے سنجے لیلا بھنسالی کی فلم پدماوتی کی شوٹنگ کا سلسلہ جاری تھا ۔ اس فلم کی نمایاں کاسٹ میں دپیکا پڈوکون، رنویر سنگھ اور شاہد کپور شامل تھے ۔ ماضی کی طرح اس بار شائقین کو رنویر سنگھ اور دپیکا کا رومانوی جوڑا دیکھنے کو نہیں ملے گا بلکہ اس بار ان کا کردار ایک مختلف پیراۓ میں فلم بند کیا گیا ہے ۔

فلم کی کہانی بنیادی طور پر اس دور کی ہے جب ہندوستان پر مغلیہ دور کا آغاز نہیں ہوا تھا اور رنویر سنگھ علاء الدین خلجی کے کردار میں ہندو اور راجپوت مہاراجوں سے برسر پیکار تھا ۔ شاہد کپور نے فلم میں مہارانی پدماوتی کے شوہر کا کردار نبھایا ہے جس کو جنگ میں علاء الدین خلجی رنویر سنگ  کے روپ میں شکست دیتا ہے

فلم پدماوتی کی کہانی بہت سارے ایسے جزباتی اور نفسیاتی مرحلوں پر مشتمل ہے جس میں ایک بادشاہ جیت کی خواہش کے ساتھ پدماوتی کی محبت کا بھی طلب گار بن جاتا ہے اور پدماوتی اپنے ہارتے ہوۓ شوہر کے ہمراہ اپنی زندگی کی بازی تو ہار جاتی ہے مگر اپنی وفا پر آنچ نہیں آنے دیتی ۔

رنویر سنگھ اور دپیکا کے قریبی ذرائع کے مطابق مہاراجہ علاء الدین خلجی اور مہارانی پدماوتی کے کرداروں کے نفسیاتی پیچ و خم نے ان اداکاروں پر اتنا اثر ڈالا ہے کہ ان کرداروں سے باہر آنے کے لۓ ان کو مجبورا نفسیاتی ماہرین کا سہارا لینا پڑا ہے اور دونوں آجکل باقاعدگی سے نفسیاتی ڈاکٹروں کے پاس جاتے ہوۓ اور ان کے سیشن بھگتتے ہوۓ نظر آرہے ہیں ۔

فلم کی ریلیز یکم دسمبر تک متوقع ہے جس کا شائقین کو بے صبری سے انتظار ہے اور اس کے ساتھ ساتھ سب ان دونوں اداکاروں کے لۓ بھی دعا گو ہیں کہ وہ جلد روبہ صحت ہو پائیں

To Top