کیا آپ جانتے ہیں پی ایس ایل 3 میں کون سے اداکار کس ٹیم کو سپورٹ کر رہے ہیں ؟

پی ایس ایل 3 کے بخار نے پوری قوم کو جکڑ رکھا ہے بچے بڑے بوڑھے سب ہی اس بخار میں مبتلا نظر آرہے ہیں ۔پاکستانیوں کے لیۓ کرکٹ کی حیثیت قومی کھیل کی طرح ہے ۔ یہ نہ صرف پوری قوم کا پسندیدہ کھیل ہے بلکہ اس کے کھلاڑیوں کے لیۓ اس قوم کی محبت کا کوئي شمار نہیں ہے ۔


اس سال پی ایس ایل میں چھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں بڑے بجٹ کے اس ٹورنامنٹ کے انعقاد اور کامیابی کے لیۓ کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ شو بز سے منسلک افراد بھی اپنا کردار ادا کر رہے ہیں اور ہر ٹیم نے اپنی مشہوری اور لوگوں کی توجہ کو اپنی جانب مبذول کروانے کے لیۓ عوام کے پسندیدہ چہروں کو اپنے برانڈ ایمبسٹر کے طور پر منتخب کیا ہے ۔ اس حوالے سے ایک مختصر جائزہ پیش کیا جا رہا ہے کہ کون سے کھلاڑی کس ٹیم کو سپورٹ کر رہے ہیں

کراچی کنگ

یہ ٹیم اے آر وائی میڈیا گروپ کی ملکیت ہے اس کے کپتان نوجوان کھلاڑی عماد وسیم ہیں اور پی ایس ایل 3 میں اس ٹیم کی سب سے بڑی خاصیت اس ٹیم میں شاہد آفریدی کی موجودگی ہے جو اس ٹیم کو اس بار کے پی ایس ایل کے لیۓ فیورٹ بنا رہی ہے ۔چونکہ اے آر وائی اس وقت پاکستان میڈیا کا سب سے بڑا گروپ ہے اس وجہ سے بڑی تعداد میں شوبز سے جڑے لوگ دبئی میں اس کو سپورٹ کرتے نظر آرہے ہیں

ویسے تو اس ٹیم کے برانڈ ایمبسٹر کے طور پر شہزاد راۓ ، ہمایوں سید اور فہد مصطفی کا نام سامنے آیا ہے لیکن غیر سرکاری طور پر عدنان صدیقی ، فیصل قریشی صنم بلوچ ،فرحان سید ،اور ان کی بیوی عروہ یہ سب شو بز کے وہ مشہور و معروف چہرے ہیں جو گراونڈ میں اور سوشل میڈيا پر اس ٹیم کی سپورٹ کرتے نظر آرہے ہیں ۔

پشاور زالمی

اس ٹیم کو ہائیر پاکستان کے مالک جاوید آفریدی کی سپورٹ حاصل ہے پی ایس ایل 2 کا اعزاز اپنے نام کرنے والی اس ٹیم کے بارے میں تو آنے والا وقت ہی بتاۓ گا کہ اس بار بھی یہ جیتتی ہے یا نہیں البتہ اس سال پہلی بار یہ ٹیم شاہد آفریدی کے بغیر گراونڈ میں اتر رہی ہے ۔اس کے کپتان ڈیرن سمی ہیں اور اس کے آفیشل ایمبیسٹر کے طرو پر مائرہ خان اور حمزہ علی عباسی کا نام شامل ہے ۔

اس کے علاوہ پڑوسی ملک سے کپل شرما اور سنجیو کپور اس ٹیم کی سپورٹ کے لیۓ گراونڈ میں آچکے ہیں ۔

لاہور قلندر

لاہور کی ترجمانی کرتی اس ٹیم کے مالک قطر لبریکینٹ کمپنی کے فواد رانا ہیں ۔ اس ٹیم کی کپتانی کے فرائض برینڈن میکلیم انجام دے رہے ہیں اور اس کے برانڈ ایمبسٹر کے طور پر اداکار اور فلمساز شان کا انتخاب کیا گیا ہے ۔مگر اس کی سپورٹ میں مہوش حیات اور بلال اشرف کو بھی دیکھا جا رہا ہے

اسلام آباد یونایئٹڈ

پاکستان کے دارالخلافہ اسلام آباد کے نام سے جڑی اس ٹیم کی ملکیت لیونائن گلوبل اسپورٹ کے مالک آمنہ نقوی اور علی نقوی رکھتے ہیں پہلے پی ایس ایل کی ونر اس ٹیم کے کپتان مصباح الحق ہیں اور اس کے برانڈ ایمبسٹر کے طور پر مشہور اداکار فواد خان اور گلوکارعلی عظمت  کا انتخاب کیا گیا ہے

کوئٹہ گلیڈیٹر

 

پاکستان کے سرکاری ٹیلی وژن کی میڈیا پارٹنر اس ٹیم کے مالک عمر ایسوسی ایٹس ہیں اور اس کے کپتان پاکستان کی قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد ہیں اسکے برانڈ ایمبسٹر کے طور پر مایا علی ، گلوکارہ ایمہ بیگ اور گلوکار فاخر کا انتخاب کیا گیا ہے

ملتان سلطان

یہ ٹیم پہلی بار پی ایس ایل کا حصہ بنی ہے اس کے کپتان شعیب ملک ہیں اور اس کے برانڈ ایمبسٹر کے طور پر اداکار احسن خان اور اداکارہ نیلم منیر کا انتخاب کیا گیا ہے اس کے ساتھ ساتھ متنازعہ میزبان عامر لیاقت بھی اس ٹیم کے برانڈ ایمبسٹر کے طور پر منتخب کیۓ گۓ ہیں

پی ایس ایل کے میچز اپنی رنگارنگی اور ان حسین چہروں کے ساتھ جاری و ساری ہیں اب دیکھنا یہ ہے کہ اس بار اس کی ٹرافی ان چھ ٹیموں میں سے کس کے حصے میں آتی ہے

To Top