چئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کے مطابق پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ کی واپسی ایک بڑا کارنامہ ہے ۔اور اس موقع پر تقریر کرتے ہوۓ انہوں نے پوری قوم کو مبارکباد دی ۔ نجم سیٹھی نے مزید خیالات کا اظہار کرتے ہوۓ اس میچ کے پاکستان میں کامیاب انعقاد کا سہرا رینجرز کے جوانوں کےسر ہے ۔
نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ رینجرز کے جوانوں کو دیکھ کر عوام میں جو اعتماد پیدا ہوتا ہے ،وہ کسی اور ادارے کے آنے کے بعد نہیں آتا ہے ۔انہوں نے میچ کے کامیاب انعقاد پر رینجرز ،پولیس اور فوج کے جوانوں کا شکریہ ادا کیا ۔
انہوں نے مزید کہا کہ یونس خان اور مصباح الحق کے جانے کے بعد پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ میں جو خلا پیدا ہوا ہے اس کو جلد ازجلد بھرنے کی کوشش کریں گے ۔اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے سلیکشن بورڈ کے سرفراز احمد کو تینوں فارمیٹ پر کپتان مقرر کرنے کے فیصلے کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ سرفراز احمد کامیابیوں کا یہ سلسلہ جاری رکھیں گے ۔
انہوں نے نۓ کھیلنے والے لڑکوں کی تعریف کرتے ہوۓ کہا کہ نۓ لڑکوں کی یہ خصوصیت ہوتی ہے کہ وہ آخری وقت تک حوصلہ نہیں ہارتے اسی سبب وہ ٹیم کے اندر نۓ خون کو شامل کرنے کے حق میں ہیں ۔اور یہ سلسلہ آنے والے پی ایس ایل میں بھی جاری رہے گا ۔
یاد رہے پاکستان کے اندر ایک طویل عرصے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کی راہ ہموار ہوتی نظر آرہی ہے اور قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والا تیسرا ٹی 20 میچ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی تھی ،یہ میچ پاکستان کرکٹ بورڈ اور فوج کی کوششوں سے ہی ممکن ہو سکا ۔ اس موقع پر کڑی سیکیورٹی دیکھنے میں آئی ۔علاقے کو مکمل طور پر فوج اور رینجرز کے جوانوں نے گھیرے میں لیا ہوا تھا ۔اس کے ساتھ ساتھ موبائل فون جامرز کا استعمال اسٹیڈیم اور ملحقہ علاقوں میں کیا گیا ۔