ماضی کی اداکارہ نائلہ شاہ آج کل کراچی کی سڑکوں پر کس حال میں ہے

زندگی کے کچھ  غلط فیصلے انسان کی ہنستی کھیلتی زندگی کو کس طرح جہنم میں دھکیل دیتے ہیں۔ اس کا عملی مظاہرہ کراچی کی سڑکوں پر دیکھنے میں آیا جب ماضی کی خوبرو اداکارہ نائلہ شاہ زخمی وجود، پھٹے پرانے شاپنگ بیگ میں اپنی کل کائنات سمیٹے فریاد کرتے ہوۓ نظر آئیں ۔

نائلہ شاہ نے اپنے کیرئیر کا آغاز اسٹیج پر ایک ڈانسر کی حیثیت سے کیا اس کے ساتھ ساتھ ٹیلی وژن کے بھی کئی پروگرامز میں وہ نظر آئیں مگر اس کے بعد انہوں نے شادی کرنے کے بعد شوبز سے کنارہ کشی اختیار کر لی۔ ان کی شادی ان کی زندگی کے لۓ ایک ہولناک تجربہ ثابت ہوئی ۔شوہر کی مار پیٹ کی ستائی اداکارہ نائلہ شاہ نے اپنی بہن اور بہنوئی کے گھر میں پناہ لے لی ۔

https://www.facebook.com/bronze.angel.961/posts/705333802998960

مگر یہاں بھی اس کی اذیتوں کا سفر نہیں تھما فرق صرف اتنا ہوا کہ اب مار پیٹ کا سلسلہ بہن اور بہنوئی کی طرف سے شروع ہو گیا۔ مجبورا اس کو بے سروسامانی کی حالت میں سڑکوں پر آنا پڑا، نائلہ شاہ کی اس حالت کو ایک ہمدرد نے ویڈیو کی صورت میں نہ صرف شئیر کیا ہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ تمام لوگوں سے مدد کی درخواست بھی کی ہے ۔

نائلہ شاہ کی یہ حالت معاشرے کے لۓ ایک لمحہ فکریہ ہے کہ گھریلو تشدد کا شکار خواتین اپنے حق کے لۓ آواز اٹھانے کس فورم پر جائیں؟ ان کے ساتھ ہونے والا تشدد ان کی روح اور ان کی شخصیت کے اعتماد کو کس طرح کچل دیتا ہے، اس کا عملی مظاہرہ نائلہ شاہ کی ویڈیو سے بخوبی کیا جا سکتا ہے ۔

ڈاکٹروں کے مطابق نائلہ شاہ کے جسم سے سفید سیل تیزی سے ختم ہو رہے ہیں اور اس کو اچھی غذا اور بہتر علاج کی ضرورت ہے۔ لہذا اس ویڈیو کے ساتھ یہ درخواست بھی کی گئی ہے کہ اداکارہ نائلہ شاہ کی مدد کی جاۓ تاکہ وہ دوبارہ سے زندگی کی طرف لوٹ سکے۔

To Top