کیا نادیہ خان کی سترہ سال بعد ڈراموں میں کامیاب واپسی ممکن ہو سکے گی؟

مارننگ شوز کی جان نادیہ خان نے سترہ سال قبل جب ان شوز کو خیر آباد کہا اس وقت لوگ ان کو ہر روز صبح دیکھنے کے اتنے عادی ہو چکے تھے کہ نادیہ خان کے بغیر خصوصا خواتین کوصبح بہت پھیکی پھیکی لگنے لگی تھی ۔ لوگوں کے بے حد اصرار کے باوجود نادیہ خان نے مختلف ٹی وی چینلز کی جانب سے آنے والی آفرز کو اپنی کمر میں تکلیف کا کہہ کر رد کر دیا ۔

اس کے باوجود ناظرین کے ذہنوں سے ان کی یاد محو نہ ہو پائی ۔کسی نہ کسی حوالے سے کبھی کبھار نادیہ خان بھی ناظرین کو اپنی جھلک دکھاتی رہیں ۔ایسے ہی ایک مارننگ شو میں صنم بلوچ کو انٹرویو دیتے ہوۓ انہوں نے بتا یا کہ وہ مارننگ شوز کے اندر چلنے والی بھیڑ چال سے بور ہو گئی تھیں ۔

ان کے مطابق مارننگ شوز ٹوٹکوں اور رنگ گورا کرنے کے طریقوں کو بتا بتا کر اور شادی بیاہ کے رسوم و لباس کے فیشن بتا کر درحقیقت خواتین کو ترقی دینے کے بجاۓ سو سال پیچھے گھسیٹ رہے ہیں ۔اسی سبب انہوں نے ان شوز کو چھوڑنے کا فیصلہ کیا ۔

مگر اب سترہ سال بعد ایک بار پھر نادیہ خان ایک نۓ روپ اور ایک نۓ انداز میں شائقین کے سامنے آنے کے لۓ تیار ہیں ۔اس بار وہ ہمیں کسی شو کی میزبانی کرتے ہوۓ نظر نہیں آئیں گی ۔بلکہ ناظرین ان کو ڈرامے میں اداکاری کرتے ہوۓ دیکھیں گے

بگ بینگ پروڈکشن کے اس ڈرامہ  کی ہدایت کاری بدر محمود کر رہے ہیں ۔اور نادیہ خان کے ہمراہ دیگر نمایاں اداکاروں میں سمیع خان اور صبا حمید شامل ہیں ۔ڈرامے کا ٹیزر جاری کردیا گیا ہے۔


نادیہ خان کا  کہنا تھا کہ وہ اچھے اسکرپسٹس کا مطالعہ کر رہی ہیں اور ناظرین ان کو مزید ڈراموں میں بھی دیکھ پائیں گے ۔

To Top