مظفر گڑھ میں زہریلی لسی پلا کر تیرہ سسرالیوں کو قتل کرنے والی بہو گرفتار

مظفر گڑھ کے علاقے دولت پور میں پچیس اکتوبر کو زہریلی لسی پینے سے تیس سے زیادہ افراد متاثر ہوۓ ۔ان میں سے تیرہ افراد جسم میں زہر پھیلنے کے سبب ہلاک ہوگۓ ۔ایک ہی گھر کے اتنی بڑی تعداد میں ہلاکتوں کے سبب علاقے میں کہرام مچ گیا ۔

پولیس کی تفتیش کے مطابق مشترکہ خاندانی نظام والا یہ گھر چالیس افراد پر مشتمل تھا ۔

مظفر گڑھ میں علی پور کے علاقے دولت پور میں زہریلی لسی پینے سے ایک ہی خاندان کے تیرہ افراد کی ہلاکت اور مزید پندرہ افراد کے متاثر ہونے کی خبر نے سب کو تشویش میں مبتلا کر دیا ۔ پولیس نے زندہ بچ جانے والے افراد سے تفتیش کا سلسلہ شروع کیا تو انہیں پتہ چلا کہ اس واقعے میں ہلاک ہونے والے امجد کی بیوی ملوث ہے ۔

امجد کی آسیہ کے ساتھ شادی آٹھ ماہ قبل ہوئی تھی ۔آسیہ یہ شادی نہیں کرنا چاہتی تھی وہ کسی اور کو پسند کرتی تھی ۔لہذا ان کے گھر میں آۓ دن جھگڑے ہونے لگے ۔اس واقعے سے دو ماہ قبل بھی آسیہ روٹھ کر میکے جا بیٹھی تھی مگر پھر خاندان کے بڑے اس کو واپس لے آۓ تھے

روز روز کے جھگڑوں سے تنگ آکر آسیہ نے امجد کو راستے سے ہٹانے کا فیصلہ کیا ۔اس نے امجد کے دودھ میں زہر ملا دیا جو کہ امجد نے نہیں پیا اور پھر لاعلمی میں گھر والوں نے اس دودھ کا استعمال لسی بنانے میں کر لیا ۔ پولیس کے مطابق زہر کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ تیرہ افراد اب تک ہلاک ہو چکے ہیں اور مزید پندرہ افراد ہسپتال میں زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں ۔

پولیس نے آسیہ کو گرفتار کر لیا ہے اور اس کے آشنا کی گرفتاری کے لۓ چھاپے مار رہی ہے تاہم وہ اب تک مفرور ہے۔

To Top