مسرت مصباح معاشرے کی ٹھکرائی عورتوں کو کیسے روزگار مہیا کرتی ہیں؟

ڈپلیکس بیوٹی پارلر کا نام خواتین کے لۓ کسی تعارف کا محتاج نہیں ہوگا ۔ مسرت مصباح نے پاکستان میں خوبصورت بنانے کے شعبے کو ایک ہنر بنانے میں انتہائی اہم کر دار ادا کیا ۔ ان کی پیدائش 25 نومبر 1959 کو کراچی ہی میں ہوئی ۔اپنے کیرئیر کا آغاز انہوں نے بیوٹیشن کی حیثیت سے کیا اور پھر ڈپلیکس بیوٹی پارلر کی بنیاد رکھی ۔

مسرت مصباح جن کی شخصیت انتہائی دل موہ لینے والی ہے ۔ان کو دیکھ کر ہی جو پہلا تاثر ذہن میں آتا ہے ،کہ یہ خوبصورت سی خاتون خود بھی فطرت سے اور اس کی خوبصورتی سے پیار کرتی ہیں اور یہی خوبصورتی تقسیم بھی کرتی ہیں ۔2005 میں اپنے بیوٹی پارلر کی پورے پاکستان میں بڑھنے والی شاخوں اور بزنس کے باوجود مسرت مصباح نے ایک این جی او ڈپلیکس اسمائل اگین کے نام سے قائم کی ۔

اس این جی او کا مقصد انتہائی منفرد نوعیت کا تھا جس کے بارے میں آج تک باقاعدہ طور پر کسی نے بھی کوئی قدم نہیں بڑھایا تھا ۔ یہ تنظیم ان خواتین کی بحالی کے لۓ کام کرتی ہے جن کو جلا کر یا تیزاب ڈال کر برباد کرنے کی کوشش کی جاتی ہے ۔عورت کے لۓ اس کا چہرہ سب سے اہمیت کا حامل ہوتا ہے ۔ اور اگر کوئی ظالم اسی کو برباد کر دے تو پھر زندگی میں مایوسیوں کے اندھیرے کے علاوہ کچھ نہیں رہ جاتا ۔

ایسے حالات میں انسان کے اپنے بھی ان کے بگڑے ہوۓ چہرے سے کراہیت کے مارے دور بھاگتے ہیں ۔ایسی حالت میں ان کی طرف جو ہاتھ مدد کے لۓ بڑھتا ہے وہ ہاتھ مسرت مصباح کا ہوتا ہے ۔جو نہ صرف ان کے علاج کی ساری ذمہ داری اپنی اس این جی او اسمائل اگین کے ذریعے اٹھاتی ہیں ۔

بلکہ اس کے ساتھ ساتھ پلاسٹک سرجری کے ذریعے ان خواتین کے ان خوفناک اور بگڑے ہوۓ چہرے کے نقوش کو بھی سنوارتی ہیں ۔اس کے بعد مسرت مصباح ان خواتین کو صحت کی بحالی کے بعد معاشی میدان میں بھی کارآمد شہری بنانے میں اپنا کردار ادا کرتی ہیں ۔وہ معاشرے کی ان پسی ہوئی خواتین کو اپنے پیروں پر کھڑے ہونے کا اعتماد دیتی ہیں اور ان خواتین کو بیوٹیشن کی تربیت اپنے ادارے ڈپلیکس میں دیتی ہیں ۔

اس تربیت کے نتیجے میں وہ خواتین نہ صرف ایک باعزت روزگار کمانے کے قابل ہو جاتی ہیں بلکہ اس کے ساتھ ساتھ وہ اپنی آئندہ زندگی بغیر کسی پر بوجھ بنے اپنے بل بوتے پر گزارںے کے لائق ہو جاتی ہیں ۔

مسرت مصباح کی یہ کوشش سراہے جانے کے قابل ہے ۔اسی سبب ان کو صدارتی ایوارڈ براۓ حسن کارکردگی سے بھی نوازا گیا ہے ۔اس کے علاوہ لکس اسٹائل ایوارڈ، لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ اور اٹلی کی حکومت کی جانب سے خواتین کی بہبود کا ایوارڈ اور اس جیسے بہت سارے ایوارڈ مسرت مصباح کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کی ایک ادنی سی مثال ہے ۔

To Top