مجھے دو آدمیوں نے خراب کیا ،ایک کو میں چھوڑوں گی نہیں اور دوسرے کے ساتھ میں رہوں گی نہیں۔
فلم ورنہ کے ٹریلر میں موجود مائرہ خان کے اس ڈائیلاگ نے نہ صرف شائقین فلم کے جذبہ تجسس کو بڑھا دیا۔اس کے ساتھ ساتھ مائرہ خان کی بہترین اداکاری نے بھی بہت گہرے نقوش چھوڑے ہیں ۔
فلم ورنہ کا ٹریلر گزشتہ شام کراچی کے ایک سینما میں ریلیز کیا گیا جس میں میڈیا کے اہم افراد کے ساتھ ساتھ ہم ٹی وی کی روح رواں سلطانہ صدیقی اور ورنہ کی پوری کاسٹ نے شرکت کی ۔
شعیب منصور ہی کی فلم بول سے انڈسٹری میں اپنے کیرئیر کا آغاز کرنے والی اداکارہ مائرہ خان فلم ورنہ کے پورے ٹریلر میں چھائی رہیں ۔ان کے چہرے کے تاثرات اور خوبصورتی نے شائقین فلم کی نظر ایک پل کے لۓ بھی ان کے چہرے سے ہٹنے نہیں دی ۔
فلم ورنہ میں مائرہ خان کے ساتھ مرکزی کردار ہارون شاہد نے ادا کیا ہے جو کہ اس فلم سے اپنے کیرئیر کا آغاز کر رہے ہیں ۔ان کا کہنا ہے کہ ان کو فخر ہے کہ اس فلم میں مرکزی کردار کے لۓ شعیب منصور صاحب نے ان کا انتخاب کیا ہے اور انہوں نے پوری محنت سے اپنے کردار کو نبھایا ہے اور ان کو یقین ہے کہ فلم بین ان کے کام کو پسند کریں گے ۔
اداکار و ہدايتکار شعیب منصور جو کہ فلم بول اور خدا کے لۓ جیسی فلموں کے خالق ہیں ان سے ہمیشہ فلم بینوں کو یہی توقع ہوتی ہے کہ وہ جو بھی کام کریں گے وہ بہترین سے کسی طور کم نہیں ہو گا ۔فلم ورنہ کے بارے میں بھی بات کرتے ہوۓ انہوں نے بتایا کہ میرے لۓ فلم سازی شاعری سے کم نہیں ۔میں صرف فلم نہیں بنانا چاہتا بلکہ ہمیشہ کچھ نیا کرنا چاہتا ہوں ۔
اس فلم کے ٹریلر کی ریلیز میں مائرہ خان بھی ایک طویل عرصے کے بعد شائقین کے سامنے آئیں اور اس بات کا عندیہ ظاہر کیا کہ ان کی جو تصاویر رنویر کپور کے ساتھ سامنے آئیں اس غلطی سے انہوں نے بہت سبق سیکھا ہے ۔اور وہ کوشش کریں گی کہ آئندہ ایسی غلطی نہ دہرائیں۔
فلم ورنہ کی ریلیز سترہ نومبر کو متوقع ہے ۔اس کے گانوں نے پہلے ہی دھوم مچائی ہوئی ہے ۔ شائقین انتہائی بے صبری سے اس فلم کی ریلیز کا انتظار کر رہے ہیں اور اس فلم کی پوری ٹیم بھی اس کی کامیابی کے لۓ پرجوش و پر امید ہیں ۔