کرم ایجنسی ، بارودی سرنگ کے دھماکے میں چار اہلکار شہید

پاکستان آرمی کے جوانوں کی جرات کو جتنا سلام پیش کیا جاۓ کم ہے ۔ ہمارے یہ جوان سرحدوں پر اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ جس جواں مردی سے پیش کر رہے ہیں اس کی مثال ملنا مشکل ہی نہیں ،ناممکن ہے ۔ اسی قسم کا ایک واقعہ اتوار کی صبح خارلچی ،کرم ایجنسی کے مقام پر پیش آیا ۔

خرم ایجنسی میں ایف سی کے اہلکار اس دن بھی معمول کی گشت پر تھے جب کہ بزدل دشمن کی بچھائی ہوئی بارودی سرنگ کا شکار ہو گۓ ۔ دھماکے کے نتیجے میں تین اہلکار موقع پر ہی رتبہ شہادت پر سرفراز ہوۓ جبکہ تین اہلکار شدید زخمی ہو گۓ ۔زخمیوں کو فوری طور پر ایجنسی ہیڈکوارٹر پارہ چنار پہنچایا گیا ۔جہاں پر کیپٹن حسنین بھی زخموں کی تاب نہ لا کر شہید ہو گۓ ۔

اس طرح اس سانحے میں شہید ہونے والوں کی تعداد چار ہو گئی ۔شہید ہونے والے اہلکاروں میں کیپٹن حسنین کے علاوہ سپاہی سعید باز ، قدر خان اور جمعہ گل شامل ہیں جب کہ زخمیوں میں نائک انور ، سپاہی ظاہر اور لانس نائک شیر افضل شامل ہیں ۔

آرمی ذرائع کے مطابق یہ ٹیم اس گروپ کا حصہ تھی جو کہ بدھ کے دن بازیاب کراۓ جانے والے امریکی جوڑے کے سہولت کاروں کی تلاش میں تھے ۔یاد رہے گزشتہ ہفتے آرمی نے ایک انٹیلی جنس بیس آپریشن کے نتیجے میں کاروائی کر کے پانچ سال سے اغوا شدہ امریکی جوڑے کو بحفاظت بازیاب کروایا تھا ۔

شہیدوں کی نماز جنازہ اعلی سول و فوجی حکام کی موجودگی میں ادا کر دی گئی ہے اور وزیر اعظم اور سیاسی حلقوں کی جانب سے دشمن کے اس بزدلانہ فعل کی پرزور مذمت کی گئی ہے ۔ اور اس بات کا مطالبہ کیا گیا ہے کہ قوم متحد ہو کر ان دہشت گردوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہو تاکہ ہمارے ان شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہ جائیں۔

To Top