جانئیے خوبصورتی برقرار رکھنے والے پانچ قدرتی راز 

خوبصورت نظر آنا خواتین کا پیدائشی حق ہے اور اس کے لۓ وہ بڑی سے بڑی قیمت ادا کرنے کے لۓ تیار نظر آتی ہیں۔ یہی سبب ہے کہ چاہے وہ کاروبار فٹنس کلب کا ہو یا بیوٹی پارلر کا ،میک اپ کے سامان ہو یا لباس کا سارے کاروبار انہی خواتین کی مرہون منت دن دوگنی اور رات چوگنی ترقی کی منزلیں طے کر رہے ہیں ۔ جانئیے خوبصورتی برقرار رکھنے والے پانچ قدرتی راز

مگر بدقسمتی سے خواتین مہنگے نسخے استعمال کرنے کے لۓ تو آمادہ نظر آتی ہیں مگر ان سستے اور آسان ٹوٹکوں سے مستفید ہونے میں حیل و حجت کا سہارا لیتی نظر آتی ہیں ۔

مکمل اور پر سکون نیند کریں

اللہ تعالی نے انسان کے جسم کو اس طریقے سے بنایا ہے کہ اگر اس کا مکمل طور پر خیال نہ رکھا جاۓ تو اس کے سب سے پہلے اثرات انسانی چہرے پر ہی مرتب ہوتے ہیں۔عموما خواتین اپنے بہت سارے کام ان اوقات کے لۓ سنبھال کر رکھ لیتی ہیں جب سب گھر والے سو جائیں گے تب کریں گی ۔ جس کے سبب ان کی نیند کا دورانیہ کم ہو جاتا ہے ۔

مگر ان کو یہ یاد رکھنا چاہۓ کہ اس طریقے سے ان کی جلد براہ راست متاثر ہوتی ہے اور وہ وقت سے پہلے بوڑھی نظر آنے لگتی ہیں ۔یاد رکھیں ایک عام انسان کے لۓ  چوبیس گھنٹوں میں چھ سے سات گھنٹے کی پر سکون نیند لازمی درکار ہے۔

اپنی غذا کا خیال رکھیں

خواتین کو ویسے تو گھر بھر کی غذا کا خیال ہوتا ہے مگر اپنی غذا کے معاملے میں وہ اصول و ضوابط کو پس پشت ڈال دیتی ہیں ۔جس کے سبب ان کی غذا صرف پیٹ بھرنے کے لۓ ہوتی ہے اور متناسب غذا نہ لینے کے سبب کبھی تو وہ بہت موٹی ہو جاتی ہیں اور کبھی انتہائی لاغر ۔

دونوں صورتوں میں نقصان ان کی خوبصورتی کا ہی ہوتا ہے ۔ لہذا اپنی خوبصورتی کو برقرار رکھنے کے لۓ ان کو چاہۓ کہ وہ ایسی غذا لیں جو کہ ان کے جسم کی تمام ضروریات کو پورا کرۓ ۔ مثلا دودھ، انڈا، گوشت ، سبزیاں وغیرہ ۔

گھر کے کاموں کے ساتھ ساتھ ورزش کے لۓ ضرور وقت نکالیں

زیادہ تر خواتین کا یہ خیال ہوتا ہے کہ وہ جو گھریلو کام انجام دیتی ہیں اس سے ہی ان کی جسمانی ورزش ہو جاتی ہے ۔مگر یہ تاثر قطعی طور پر غلط ہے ۔ گھریلو کام آپ کو تھکاتے ضرور ہیں مگر اس سے ان کی خوبصورتی پر مناسب اثرات مرتب نہیں ہوتے ۔

اس کے بر خلاف  جب خواتین ورزش کرتی ہیں تو اس کا مقصد خود کو اور اپنی صحت کو بہتر بنانا ہوتا ہے ۔اس کا تاثر براہ راست ان کے چہرے پر پڑتا ہے اور خوبصورتی میں اضافے کا سبب بنتا ہے ۔

پانی کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں

اللہ تعالی نے پانی کی صورت میں ایک ایسے مشروب سے ہمیں نوازا ہے جس کا استعمال ہمیں نہ صرف بہت ساری بیماریوں سے محفوظ رکھتا ہے بلکہ اس کا زیادہ استعمال ہمارے جسم کے اندر موجود زہریلے مادے دھو ڈالتا ہے ۔ اور ہماری جلد کو صاف ستھرا اور صحت مند بناتا ہے ۔

اپنی سوچ کو مثبت رکھیں

خواتین عام طور پر حسد ،رشک جیسے جذبات کا شکار بہت جلد ہو جاتی ہیں ۔مگر یہ بات خواتین کو یاد رکھنی چاہیۓ کہ انسانی چہرہ درحقیقت اس کی سوچ کا عکاس ہوتا ہے ۔جس طرح آپ کی پریشانی آپ کے چہرے سے واضح ہو جاتی ہے ،اسی طرح حسد اور جلن جیسے جذبات بھی آپ کی خوبصورتی پر منفی اثر ڈالنے کا سبب بنتے ہیں ۔

لہذا خواتین کو خاص طور پر خود کو منفی سوچ سے بچانا چاہیۓ اور ہمیشہ ہر ایک کے لۓ اچھا گمان رکھنا چاہیۓ۔

To Top