کراچی میں انوکھے بنک کا قیام جہاں روپے پیسے کا لین دین نہیں ہوتا

کراچی کا شمار پاکستان کے بڑے شہروں میں ہوتا ہے ۔ اس شہر کو حقیقی معنوں میں پاکستان کا دل کہا جاۓ تو بے جا نہ ہو گا ۔یہاں کے لوگوں کے بارے میں مشہور ہے کہ ایشیا میں سب سے زیادہ عطیات اسی شہر میں دیۓ جاتے ہیں ۔یہی سبب ہے کہ بڑی بڑی فلاحی تنظیمیں اس شہر میں بہت کامیابی کے ساتھ کام کر رہی ہیں

عبدالستار ایدھی کا دکھی انسانیت کی خدمت کے لۓ جدوجہد کا آغاز بھی کراچی ہی سے کیا گیا تھا ۔ جس کا ساتھ اس شہر کے مخیر افراد نے کچھ اس انداز میں دیا کہ عبد الستار ایدھی کو پھر کبھی کہیں اور دیکھنے کی ضرورت ہی نہ پڑی ۔ آج جب ایدھی صاحب ہمارے درمیان نہیں ہیں مگر انہوں نے لوگوں کی مدد کا جو جذبہ اس شہر والوں میں بیدار کر دیا ہے وہ آج بھی اسی طرح تروتازہ ہے ۔

کراچی میں نمائش چورنگی پر قائم روٹی بنک بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔ جہاں پر ان سفید پوشوں کے لۓ جو فٹ پاتھ پر بیٹھ کر عوامی دسترخوان سے کھانا نہیں کھا سکتے ،ان کو عزت کے ساتھ پارسل کی صورت میں کھانا دیا جاتا ہے ۔اس بنک میں ضرورت مند کھانے کے ٹائم پر آکر کھانے کا پارسل لے جاتے ہیں اور اپنے گھروں میں جا کر عزت کے ساتھ کھاتے ہیں ۔

دوسری جانب مخیر افراد اس بنک میں کھانا بھجواتے ہیں ۔اور اس کے بدلے میں وہ نہ صرف اپنی آخرت سنوارتے ہیں اس کے ساتھ ساتھ اپنے دامن میں بیش بہا دعائیں بھی سمیٹتے ہیں ۔ انوکھی طرز کا یہ بنک دن بھر میں سیکڑوں لوگوں کو ان کی عزت نفس متاثر کیۓ بغیر نہ صرف روٹی مہیا کرتا ہے ۔اس کے ساتھ ساتھ مہنگائی اور بے روزگاری کے اس دور میں لوگوں کو پیٹ بھر کر کھانے کا موقع بھی فراہم کرتا ہے

To Top