کاش اللہ مجھے لڑکی بنا دیتا!!

آج گرمی کی شدت ہر روز سے بہت زیادہ تھی سحری کے وقت اس کو آج بھی رات کی سوکھی روٹی کا ایک ٹکڑا اور سادہ پانی نصیب ہوا تھا اس کی ماں نے کہا بھی تھا کہ آج روزہ مت رکھواس گرمی میں کام نہیں کر سکو گے سگنل پر لوگوں کی گاڑیاں صاف کرنا آسان کام تو نہ تھا نا ۔ مگر اس کو تو اس ٹی وی والے بابو کی بات یاد تھی جس نے کہا تھا کہ کل روزہ رکھ کر آنا اور اچھے کپڑے بھی پہن کر آنا تجھے ٹی وی پر دکھائیں گے

اس نے اپنی ماں کو بھی بتایا کہ آج اس کے لیۓ روزہ رکھنا بہت ضروری ہے کیوں کہ ٹی وی والے اس کا انٹرویو لینے آئیں گے ۔ سحری کرتے ہی اس نے ٹرنک سے اپنا کئي دفعہ کا پہنا ہوا جوڑا نکالا مگر اس جوڑے کی یہ خاصیت تھی کہ اس کا صرف رنگ اڑا ہوا تھا اس میں کہیں پیوند نہیں تھا اس لیۓ اس نے اسی جوڑے کا انتحاب کیا

اس کو اس ٹی وی والے کی باتیں یاد آرہی تھیں کہ زبردست بچہ ملا ہے کم عمر بھی ہے پیارا بھی ہے اور غریب اور یتیم بھی ہے آج کا پروگرام تو ہٹ ہو جاۓ گا اس نے ان سے پوچھا بھی تھا کہ کیا اس کے بدلے میں مجھے کچھ ملے گا تو انہوں نے کہا تھا کہ ہاں بہت کچھ ملے گا ۔

اسی آسرے پر کہ اپنی ماں اور چھوٹی بہن کے لیۓ وہ عید کے کپڑے بنوا پاۓ گا اس دس سال کے بچے نے فجر کے بعد ہی سے اس فٹ پاتھ پر بیٹھ کر ان کا انتظار کرنا شروع کر دیا تھا جب سورج سوا نیزے پر آگیا تو اس کی حلق میں کانٹے پڑنے لگے اس نے چھاؤں کی تلاش میں ادھر ادھر دیکھا مگر وہ اس فٹ پاتھ کو چھوڑ کر نہیں جا سکتا تھا کیوں کہ ٹی وی والوں نے یہیں آنے کا کہا تھا

اس کے ہاتھ پاؤں سے جان نکلتی محسوس ہو رہی تھی کہ اچانک اس کو سامنے ٹی وی والوں کی گاڑی نظر آئي وہ ان کی جانب تیزی سےبڑھا دوسرے فٹ پاتھ سے اس جیسی ہی دوسری لڑکی بھی بڑھی جو ہر روز اپنی ماں کے ساتھ وہاں بھیک مانگتی تھی ۔ وہ دونوں ایک ساتھ اس گاڑی تک پہنچے ۔

اس نے سلام کے لیۓ ہاتھ اٹھایا مگر اس کی آواز اس کے حلق میں ہی اٹک گئي پیاس کی زيادتی کے سبب اس کے حلق سے کوئي آواز نہیں نکل پا رہی تھی ۔ ٹی وی والے بابو نے اس کو اور لڑکی کو دیکھا اس کےبعد اپنے ساتھی سے کہا یار لوگ لڑکی دیکھ کر زیادہ ریٹنگ دیتے ہیں اس لڑکی کو ہی لے جاتے ہیں

اس پل اس کو بہت زور سے چکر آۓ اور وہ وہیں گر پڑا گرتے گرتے اس کے لبوں سے صرف یہی نکل پایا کہ ربا مجھے لڑکی کیوں نہ بنایا؟؟

To Top