کیا واقعی کالا جادو اثر کرتا ہے؟ جانئیے کونسی سورہ پڑھنے سے جادو کا توڑ کیا جا سکتا ہے؟

جادو برحق ہے مگر اس کو کرنے والے کو کافر قرار دیا گیا ہے ۔ جادو کا خیال آتے ہی ذہن میں ایک سوئیاں گڑا ہوا پتلا ذہن میں آتا ہے ۔ ہم سب اگر شعوری طور پر جادو کو تسلیم نہیں کرتے تب بھی ہمارے لا شعور میں کہیں نہ کہیں اس کا خوف ضرور موجود ہوتا ہے ۔

جب بھی ہمارا کوئی کام غلط ہو جاۓ یا پھر بیماری آجاۓ یا پھر کسی مشکل میں گرفتار ہو جائیں ہم میں سے ہر کوئی ایسے ٹوٹکے تلاش کرنے لگتا ہے جو ہمیں اس نادیدہ جادو سے نجات دلوا سکے ۔

آج کے اس سائنسی دور میں جب کہ ہر چیز بہت زیادہ واضح ہوتی جارہی ہے پھر بھی ہمارے کچھ گھرانوں میں توہم پرستی اور کم علمی اپنے پورے طمطراق کے ساتھ موجود ہے ۔

ہر بگڑا کام ہمیں اپنے کسی دشمن کی کارستانی دکھا ئی دیتا ہے جس میں خدانخواستہ حمل کا ضائع ہو جانا ، رشتہ نہ ہونا، کاروبار میں نقصان ،گھریلو جھگڑے وغیرہ وغیرہ جیسے معاملات میں ہمارا دھیان فوری طور پر جادو ہی کی طرف جاتا ہے ۔

کالے جادو سے منسلک لوگوں کو کافر قرار دیا گیا ہے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ کالے جادو کے لۓ جو کلام لکھا جاتا ہے اس میں پلید اور نجس اشیا کا استعمال کیا جاتا ہے تاکہ شیطانی قوتوں کو برؤے کار لایا جا سکے ۔ اس بات کو تسلیم کرنا پڑے گا کہ زیادہ تر افراد جو اس وہم میں مبتلا ہوتے ہیں درحقیقت اس معاملے میں صرف اس لۓ ملوث ہوتے ہیں کہ ان کو لگتا ہے کہ ان پر کسی نے جادو کروارکھا ہے اور وہ اس کا توڑ کرنے کے لۓ کسی عامل کا سہارا لیتے ہیں ۔

عامل کا سہارا لینے سے قبل اگر ہم اپنے اوپر پڑنے والی آفتوں کا جائزہ لیں تو ہمیں پتہ چلے گا کہ درحقیقت یہ تمام مسائل اور بیماریاں درحقیقت ہمارے اپنے ہی سبب ہم پر آئی ہیں جن کو ہم نے جادو کا نام دے رکھا ہے ۔ جادو کی حقیقت سے انکار نہیں مگر ہر تکلیف کا سبب جادو کو قرار دینا ہمارے ایمان کی کمزوری کا اظہار کرتا ہے ۔

 

چند اعمال جو ہمیں اس قسم کی توہم پرستی سے دور رکھ سکتے ہیں ان کے متعلق ہمیں ہمارے نبی کریم نے پہلے ہی آگاہ کیا ہو ا ہے ان پر عمل پیرا ہو کر ہم ہر قسم کے شیطانی وسوسے کا مقابلہ کر سکتے ہیں ۔

پنج وقتہ نماز کی پابندی سے جادو کا علاج کیا جاسکتا ہے

جس گھر میں پنج وقتہ نماز کا اہتمام کیا جاتا ہے اس گھر کے لوگ صاف صتھرے رہنے کے سبب بیماریوں سے دور رہتے ہیں اور اعصابی طور پر پرسکون ہوتے ہیں لہذا ان کو شیطانی وسوسے متاثر نہیں کر پاتے ۔

روزانہ قران کی تلاوت گھر و کاروبار کو جادو کے اثرات سے محفوظ رکھتی ہے

جس طرح کسی کی غلط بات ہمیں غصے میں مبتلا کر سکتی ہے اور پیار کے دو بول ہمارے دل کو بڑھا سکتے ہیں اسی طرح قران کی آیتیں بھی خیر و برکت کا سبب ہوتی ہیں اور ان کے مثبت اثرات سے انکار نہیں کیا جا سکتا اور روزانہ ان کی تکرار انسان اور اس کے ماحول پر انتہائی مثبت اثرات مرتب کرتی ہیں ۔

روزمرہ کی دعائیں ہمیں جادو کے اثرات سے محفوظ رکھتی ہیں

اللہ کے رسول نے ہمیں روزمرہ کے افعال کے لۓ جو دعائیں تعلیم کی ہیں ان کے ذریعے ہم ہر وقت خود کو اللہ کی ذات سے جوڑے رکھ سکتے ہیں اور جب ہم خود کو اللہ کے ساتھ جوڑ دیں گے تو پھر دنیا کی کوئی طاقت ہمیں نقصان نہیں پہنچا سکتی ہے ۔

صبح جاگنے سے لے کر رات سونے تک کی دعائیں اگر ہم اپنے اعمال کا حصہ بنا لیں تو ان کے دیرپا اثرات ہماری حفاظت کا سبب بن جاتے ہیں ۔

آیتہ الکرسی اور معوذتین کا ورد ہر قسم کی بلیات اور جادو سے تحفظ فراہم کرتا ہے

آیتہ الکرسی اور سورہ الناس کے ساتھ ساتھ سورہ الفلق کا ورد ایسے جادوئی کلمات ہیں جن کے ورد سے اللہ تعالی پڑھنے والے کو اور اس کے اردگرد کے ماحول کو نہ صرف پاک صاف رکھتا ہے بلکہ تمام شیطانی قوتوں سے تحفظ فراہم کرتا ہے۔

یہ تمام اعمال اگرچہ دیکھنے میں انتہائی مختصر ہیں مگر ان کے اثرات بہت دیرپا ہوتے ہیں ۔جو لوگ ان پر یقین رکھتے ہیں وہ ہر قسم کی توہم پرستی سے نہ صرف محفوظ رہ سکتے ہیں بلکہ خود کو جعلی عاملوں سے بھی محفوظ رکھ سکتے ہیں ۔ اور اپنے ایمان کو بچا سکتے ہیں ۔

To Top