کیا آپ جانتے ہیں کہ جعلی عاملوں کا کاروبار کن لوگوں کی بدولت چل رہا ہے؟

اللہ تعالی نے اس کائنات کی ہر مخلوق کی تخلیق کی ہے اس میں جن و انس و ملائکہ ،چرند پرند سب شامل ہیں ۔ انسان کو اللہ نے اشرف المخلوقات کے درجے پر فائز کیا ہے ۔مگر انسان اپنی اس حیثیت اور مرتبے کا پوری طرح ادراک نہیں رکھتا۔

یہی سبب ہے کہ وہ مختلف قسم کی توھم پرستی میں مبتلا ہو جاتا ہے ۔بہت ساری بیماریوں اور مشکلات کو آسیب سمجھ کر ان کا علاج کروانے کے بجاۓ جعلی عاملوں کے ہتھے چڑھ جاتا ہے اور نہ صرف اس طرح اپنے پیسے کا زیاں کرتا ہے بلکہ اپنے ایمان کا بھی سودا کر ڈالتا ہے ۔

کاروبار میں نقصان کی صورت میں

01

 

نفع نقصان کسی بھی کاروبار کا ایک لازمی جز ہوتا ہے ۔کہیں بھی یہ مشروط نہیں کہ اس کاروبار میں ہمیشہ فائدہ ہی ہوگا ۔ اور اگر کاروبار میں نقصان ہو جاۓ تو ایک بہترین کاروباری کی طرح ان کی وجوہات جاننے کے بجاۓ لوگوں کی ایک بڑی تعداد اس نفصان کو کسی جادو سے تعبیر کرتے ہیں اور پھر دکان پر تعویزوں کی دکان کھول لی جاتی ہے ۔

جعلی عاملوں سے پڑھ پڑھ کر پانی دکان کے چاروں کونوں میں ڈالا جاتا ہے ۔کبھی کبھار تو جن بھی بلاۓ جاتے ہیں جو کہ اس جادو کا توڑ نکالتے ہیں ۔

بچوں کی ضد یا نافرمانی کی صورت میں

02

 

اکثر بچے ماں باپ کی غلط تربیت کے نتیجے میں یا بے جا سختی کی صورت میں ضدی ہو جاتے ہیں ۔ان کی بڑھتی ہوئی اس ضد کو کسی آسیب یا جن سے تعبیر کیا جاتا ہے اور اس سبب اس کے گلے میں تعویزوں کی دکان کھول دی جاتی ہے اور اس کی ضد کی وجہ جاننے کے بجاۓ اس پر جعلی عاملوں سے جھاڑ پھونک کروائی جاتی ہے کہ وہ اس ضد کو ختم کر دے ۔

بچوں کا من پسند جگہ رشتہ کرنے کے لۓ

3

اپنے بچے کو رشتے پر قائل کرنے کے بجاۓ اکثر والدین اس اہم ترین موقعے پر بھی جعلی عاملوں کے پاس چلے جاتے ہیں اور اس بات کی کوشش کرتے ہیں کہ اولاد اپنی زندگی کا یہ اہم فیصلہ جعلی عاملوں کے تعویذوں کے زیر اثر ہو کر کرے اور اگر کہیں بیٹا یا بیٹی انکار کرے تو اس کا واحد مطلب یہی لیا جاتا ہے کہ کسی نے جادو کروا رکھا ہے ۔

امتحانات میں کامیابی کے لۓ

04

 

امتحانات میں کامیابی کے لۓ سب سے اہم عنصر آپ کی محنت ہوتی ہے مگر لوگ یہاں بھی محنت کے بجاۓ جعلی عاملوں کے تعویذات پر یقین رکھتے ہیں اور یہ کوشش کرتے ہیں کہ یہ تعویذات ان کو امتحانات میں امتیازی پوزیشن دلوا دیں ۔

نظر لگ جانے کی صورت میں

5

نظر کا لگ جانا ایک برحق عمل ہے مگر اس کو اتارنے کا طریقہ بھی قرآن میں موجود ہے مگر ہم لوگ اس طریقے پر عمل کرنے کے بجاۓ ایسے سہاروں پر یقین رکھتے ہیں جو کہیں سے بھی شریعت میں جائز نہیں ہوتے ۔

انسان پر آنے والے بہت سے مسائل کا سبب کہیں نہ کہیں اس کا اپنا عمل ہوتا ہے مگر ہم لوگ اپنی غلطیوں کو سنوارنے کے بجاۓ ایسے بھنور میں پھنس جاتے ہیں جو کہ نہ صرف ہمیں مالی طور پر نقصان پہنچاتا ہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ ہمارے ایمان کے لۓ بھی خطرہ بن جاتے ہیں۔

جعلی عامل صرف اور صرف اس لۓ اپنا کاروبار کامیابی سے جاری رکھے ہوۓ ہیں کہ ان کو ہم جیسے ضعیف العتقاد گاہک میسر ہیں اگر ہم ان کے بجاۓ اللہ پر یقین رکھیں تو کوئی وجہ نہیں کہ وہ ہمارے ہر مسئلے کو حل کر دے گا ۔

To Top