وطن کے ہیروز کو قوم کا سلام۔۔ سفید جھنڈے لہرا کر مسیحاؤں کو خراج تحسین

وطن کے ہیروز

وطن کے ہیروز کے لیے سفید جھنڈے لہرائیں اور گانے گائیں

مہلک کورونا وائرس کے خلاف جنگ لڑنے والے وطن کے ہیروز ملک بھر کے  ڈاکٹرز، نرسز اور طبی عملے کو آج سفید جھنڈے لہرا کر خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر پاکستان شوبز انڈسٹری کے ستاروں اور قومی کھلاڑیوں کی جانب سے بھی خطرناک وائرس کے خلاف خدمات سرانجام دینے والے ان ہیروز کو  سلام  پیش کیا گیا  ہے۔

دوسروں کی خاطر خود کو خطرے میں ڈالنے والے ڈاکٹرز، نرسز اور طبی شعبے سے وابستہ  افراد کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ملک بھر میں آج شام 6 بجے سفید پرچم لہرائے جائیں گے اور سب مل کر گانا گائیں گے۔

ہمائیوں سعید اور عدنان صدیقی کا وطن کے ہیروز کے نام پیغام

معروف اداکار ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی نے بھی پاکستان کے ڈاکٹرز، پیرا میڈکس، نرسز اور شعبہ صحت میں کام کرنے والے تمام لوگوں  کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں شعبہ صحت  سے متعلق ہر شخص کو وہ سیلوٹ پیش کرتے ہیں  ۔ کیوں کہ ڈاکٹر اس قوم کے مسیحا  ہیں اور ہمیں تم سے پیار ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں قوم سے درخواست کی کہ آج شام اپنے گھر کی چھتوں پر سفید جھنڈہ لہرائیں اور وقت کے ان مسیحاؤں کو پیغام دیں کہ یہی ہمارے اصل ہیروز ہیں۔

مسیحاؤں کو وسیم اکرم کا سلام

کورونا وائرس کے خلاف  اس جنگ میں کرکٹرز بھی عوام کے شانہ بشانہ ہیں اور آگاہی مہم کے ساتھ  شعبہ صحت سے متعلق افراد کا اپنے پیغامات کے ذریعے حوصلہ و ہمت  بھی بڑھارہے ہیں۔ سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وسیم اکرم  اور ان کی اہلیہ نے  قوم کے مسیحاوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ تم ہی اس قوم کے مسیحا ہو۔

مزید پڑھیے: کورونا سے بچاؤ کے لیے آگاہی،علی ظفر کا انوکھاانداز

احمد شہزاد کا خراج تحسین

قومی کھلاڑی احمد شہزاد نے بھی  ڈاکٹرز، پیرا میڈکس، نرسز  اور شعبہ صحت میں کام کرنے والے تمام لوگوں کے حوصلے اور جرات کو سلام پیش کرتے ہوئے درخواست کی کہ عوام آج اپنی چھتوں پر سفید جھنڈے لہرا کر ان مسیحاوں کو اپنا پیغام پہنچائیں کہ  اس مشکل گھڑی میں یہی ہمارے اصل ہیروز ہیں۔

واضح رہے پاکستان میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 9 ہو چکی ہے جن میں سے پنجاب میں 3، خیبرپختونخوا میں 3 جب کہ سندھ، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں ایک ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے جبکہ مزید کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 1246تک جا پہنچی ہے۔

To Top