کیا آپ جانتے ہیں کہ کن مشروبات کے ذریعے گرمی کے اثر سے بچا جا سکتا ہے؟

محکمہ موسمیات نے بالاخر،ان لوگوں کے لۓجو سردی کے سبب کھانسی اور نزلے میں مبتلا ہیں گرمی کی آمد کی نوید سنا دی ۔ ان حالات میں گرمی کی آمد ان کے لۓ کسی خوشخبری سے کم نہیں ۔

مگر گرمی اپنے ساتھ ساتھ پسینے کو اور پیاس کو بھی لے کر آتی ہے ۔لان کے نت نۓ ڈیزائن کی بہار کے ساتھ ساتھ ہر جگہ مشروبات کے کیبن بھی لگ جاتے ہیں جو گرمی سے ستاۓ لوگوں کے لۓ کسی نعمت غیر مترکبہ سے کم نہیں ہوتے ۔

گرمی کے موسم میں زیادہ پیاس لگتی ہے۔ پسینے کی شکل میں پانی خارج ہو کر جسم کو ٹھنڈا کرتا ہے مگر جسم کے اندر گرمی کی وجہ سے دورانِ خون میں کمی ہو کر سُستی اور کاہلی محسوس ہوتی ہے۔

پانی اور نمک کی جسم کو ضرورت ہوتی  ہے۔ اِن کی کمی سے بچے، بڑے بوڑھے پریشان ہوجاتے ہیں۔ اللّہ تعالٰی نے اِس موسم میں کھیرا، ککڑی، خربوزہ، تربوز، ٹماٹر، ٹینڈے، گھیا، بھنڈی، تُری، اروی، پالک، کچے آم، پودینہ اور دھنیا وغیرہ پیدا کرکے ہم پر بڑا احسان کیا ہے چھاچھ ، نمک کی پتلی لسی اور جَو کے سَتو بھی گرمی سے بچاتے ہیں۔

گرمی سے بچاؤ کے لۓ ستو کا استعمال کریں

بُھنے ہوئے جَو  کے سَتو گرمی کی شدت کو ختم کرتے ہیں۔ یہ مروجہ مشروبات کا بہتر نعم البدل ہیں۔ سَتو پینے سے بُھوک بھی نہیں لگے گی اور بار بار پیاس لگنے کی شکایت بھی ختم ہو گی۔

چھٹانک بھر جَو پانی میں ہلکی آنچ  پر تقریباً تین پیالی پانی میں پکائیے۔ جَو پھٹ جائیں تو اُتار کر ٹھنڈا کرلیجیے۔ ایک گلاس جَو کا پانی حسبِ ذائقہ چینی اور تھوڑا سا ٹھنڈا دودھ ملا کر صبح شام پیجئے۔ جَو کے دانے چمچے سے کھا لیجیے۔

اِس سے آپ کا معدہ ٹھیک رہے گا۔ سینے کی جلن ، سَر کے چکر اور دماغ کی خُشکی دُور ہو گی۔ پیشاب کی جلن ختم ہو گی۔ یہ ایک بہترین مشروب ہے۔ جُو آپ کو گرمی کی شدت سے محفوظ رکھے گا۔ بُھنے ہوئے جَو کے سَتو شکر ملا کر پینے سے بھی فائدہ ہوتا ہے۔

ناریل کا پانی گرمی سے بچاؤ کے لۓ بہترین ہے

گرمیوں میں قدرتی مشروب جیسے ناریل کا پانی درحقیقت خدائی تحفہ ہے۔ یہ مشروب ہر طرح کے طبی فوائد اور جسم کو ٹھنڈا کرنے کی طاقت سے بھرپور ہوتا ہے۔ اس میں شامل قدرتی مٹھاس اور ضروری معدنیات جسم میں پانی کی کمی نہیں ہونے دیتے ۔

ایسے شواہد بھی موجود ہیں کہ ناریل کا پانی کینسر کے خلاف جدوجہد اور بڑھاپے کی جانب سفر کو سست کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔ اسی طرح ناریل کے خول میں موجود اس کا پھل بھی وٹامنز، منرلز اور پوٹاشیم سے بھرپور ہوتا ہے۔

لیموں پانی گرمی سے بچاؤ کا قدرتی مشروب ہے

ناریل کے پانی کی طرح تازہ لیموں کا پانی کا استعمال بھی فرحت بخش ثابت ہوتا ہے جبکہ اس میں وٹامن سی اور متعدد طبی فوائد بھی موجود ہوتے ہیں۔ آپ اس کو میٹھا کرسکتے ہیں، نمک ڈال سکتے ہیں یا کچھ مقدار میں کالی مرچ اور زیرے کا پاﺅڈر بھی شامل کرسکتے ہیں۔ اسے ٹھنڈا کرکے استعمال کریں اور گرمی کو دور بھگائیں۔

دودھ اور دھی کی لسی بھی گرمی سے نجات دلاتی ہے

دہی واقعی جسم کو ٹھنڈا کرنے کے لیے بہترین چیز ہے۔ آپ اس سے مزیدار ٹھنڈی لسی بنا سکتے ہیں، رائتہ اور دیگر اشیا، تاہم لسی تو گرمی کو دور بھگانے کے لیے سب سے بہترین سمجھی جاتی ہے میٹھی اور موسم کے لحاظ سے بالکل مناسب۔

ان تمام چیزوں کے ساتھ ساتھ پانی کا زیادہ استعمال آپ کو گرمی سے محفوظ رکھنے میں مدد دے گا اور وہ تمام مشروبات اور غزائیں جن میں پانی کی مقدار زیادہ ہو گرمی اور لم کے اثر سے محفوظ رکھنے کے لۓ موثر ثابت ہو سکتی ہیں ۔

خدا کرے میری ارض پاک پہ اترے،وہ فصلِ گل جسے اندیشہ زوال نہ ہو

To Top