عید الفطرکے موقعے پر کیا آپ کو بھی ایسے مہمانوں کی میزبانی کرنی پڑتی ہے؟

رمضان اور وہ بھی شدید گرمیوں کے گزارنے کے بعد، ہر مسلمان ایک خوشیوں بھری عید کی امید لگاۓ بیٹھا ہوتا ہے ۔ عید کا خیال آتے ہی خوبصورت ملبوسات ، لذیذ پکوان ، عیدی اور اس کے ساتھ ساتھ اپنے دل پسند لوگوں کے ساتھ وقت گزاری کے مواقعوں کی امید عید کے انتظار کو اور بھی بڑھا دیتے ہیں ۔

مگر یاد رکھیں ہر خواب پورے ہونے کے لۓ نہیں ہوتا ۔ بہت زیادہ توقعات کا دامن مت پھیلائیں ۔ یاد رکھیں اگر آپ کا تعلق ایک بھرے پورے خاندان سے ہے تو پھر آپ تیار ہو جایۓ کہ عید کے دن آپ کے ساتھ کیا کیا ہو سکتا ہے ۔ عید کا دن مہمانوں کی آمد کا دن ہوتا ہے ۔ اور مہمانوں کی اقسام کی تو کوئی انتہا ہی نہیں ہوتی ۔کچھ اقسام کے بارے میں ہم بتائیں گے اور کچھ آپ اپنے تجربات بیان کیجۓ گا ۔

عید گاہ سے ہی ساتھ چپک جانے والے مہمان

مہمانوں کی یہ قسم ضروری نہیں ہے کہ آپ کا بہت قریبی ہو ۔ یہ آپ سے عید گاہ میں نماز کے وقت جتنا بھی دور ہو نماز ختم ہوتے ہی آپ کے ساتھ چپک جاۓ گا ۔آپ جتنا بھی دائیں بائیں ہونے کی کوشش کریں ۔اس کی نظر سے بچنا مشکل ہی ہے ۔

آپ کے کندھے پر ہاتھ رکھے رکھے کب آپ کو آپ کے گھر پہنچا دے گا پتہ ہی نہیں چلے گا ۔ دروازے پر آکر کہے گا کہ امی کو سلام کر لوں ۔ اور پھر یہ سلام دوپہر کے کھانے کے بعد تک چلے گا ۔

عیدی لوٹنے کے لۓ بچوں کی فوج ظفر موج کے ساتھ آنے والے مہمان

مہمانوں کی اس قسم کے بارے میں میرا خیال ہے کہ یہ عید کے موقعے پر ٹھیکے پر خصوصی طور پر بچے منگواتے ہیں کیونکہ جب بھی ان سے ان کے ساتھ آۓ کسی بچے کے متعلق دریافت کیا جاتا ہے وہ ایک دم بگڑ کر بولتے ہیں ، برخودار حد ہو گئی ایک ہم ہی ہیں جو تم پر مرے جاتے ہیں اور عید کے دن سب کو لاد کر لے آتے ہیں ۔

کہ بچے اپنے خون سے آشنا رہیں ۔تمہارا تو خون ہی سفید ہو گیا ہے جو اتنے قریبی کو بھی نہیں جانتے اور مجبورا ان کے ڈیڑھ درجن بچوں کو بھر بھر کر عیدی دینی پڑتی ہے ۔

عید کے دن اپنے گھر پر کچھ نہ پکانے والے مہمان

ان مہمانوں کی نشانی یہ ہوتی ہے کہ یہ لوگ اپنے پورے لاؤ لشکر کے ساتھ عین کھانے کے وقت آورد ہوتے ہیں ۔ کھانا دیکھتے ہی فرماتے ہیں کہ جب میرے نصیب کا رزق اس دستر خوان پر تھا تو میں اپنے گھر پکا کر کیا کرتا ۔

اس کے بعد جب وہ کھانا شروع کرتے ہیں تو لگتا ہے کہ پورے مہینے کا روزہ یہیں آکر کھولا ۔ اور آپ کا لذیذ پکوان کھانے کا خواب شرمندہ تعبیر ہونے سے پہلے ہی پاش پاش ہو جاتا ہے ۔ اور آپ اپنے پیٹ کا جہنم بھرنے کے لۓ فرج میں پڑے ہوۓ باسی پکوانوں کا سہارا لینے پر مجبور ہو جاتے ہیں ۔

غلط وقت پر  آنے والے مہمان

سب کو بھگتنے کے بعد آپ جیسے ہی کہیں جانے کا فیصلہ کرتے ہیں ۔یا پھر ڈنر باہر جا کر کرنے کا ارادہ کرتے ہیں ۔ اس پل کاتب تقدیر آپ کی قسمت کا لکھا پڑھ پڑھ کر ہنس رہا ہوتا ہے ۔

کیوںکہ جیسے ہی آپ دروازہ کھولتے ہیں باہر نکلنے کے لۓ ،غلط وقت پر آنے والے مہمان آپ کی نظروں کے سامنے ہوتے ہیں ۔آپ کی کہیں باہر جانے کی تیاری کو اندیکھا کرتے ہوۓ زور سے نعرہ لگاتے ہیں کا واقعی دل کو دل سے راہ ہوتی ہے تبھی تو ہمارے لۓ دروازہ کھولے کھڑا تھا ۔اور اس کے بعد باہر جانے کی راہ ہی بند ہو جاتی ہے ۔

یہ تو مہمانوں کی بہت ہی چھوٹی سی لسٹ تھی ۔ اس کے علاوہ بھی بہت ساری اقسام ایسی ہیں جن کو بیان کرنے کا حوصلہ ہم خود میں نہیں پاتے بس رب سے یہ دعا کرتے ہیں کہ اللہ روزوں کے انعام کے طور پر آپ کو ایسے مہمانوں سے بچاۓ

حق مہر میں 100 کتابیں! دلہن کے انوکھے مطالبے نےسب کو حیران کر دیا

To Top