والدین ہوشیار ہو جائيں ! آپ کا بچہ بھی بلو وہیل جیسی اس جان لیوا گیم کا شکار ہو سکتا ہے

گزشتہ کچھ ادوار سے انٹر نیٹ کا عمل دخل جس تیزی سے ہماری زندگیوں میں بڑھتا جا رہا ہے اس نے کچے ذہن رکھنے والے معصوم بچوں کی زندگیوں پر گہرے اثرات مرتب کیۓ ہیں اسی سبب پچھلے دنوں پوری دنیا میں بلو وہیل نامی جان لیوا گیم کا شور و غوغا تھا جس نے کم عمر نوجوانوں کے والدین  کو پریشانی میں مبتلا کر رکھا تھا


سوشل میڈیا پر اس گیم کے بارے میں واویلے کے سبب یہ تو ہوا کہ کم عمر نوجوانوں میں اس بات کا شعور پیدا ہوا کہ اس قسم کے گیم سے دور رہنے میں ہی بہتری ہے مگر اب ایک بار پھر ایک ایسے نۓ گیم کی بازگشت سنائی دے رہی ہے جو کہ نوجوان نسل میں تیزی سے وائرل ہو رہی ہے

 

اس گیم کا نام ہے Deodrant Challenge جیسا کہ اس کے نام سے ظاہر ہے یہ گیم ایک ڈی اوڈرنٹ اسپرے کے ساتھ کھیلی جاتی ہے جس میں کھیلنے والے نوجوان کو چیلنج دیا جاتا ہے کہ وہ اسپرے اپنے جسم کی جلد کے بالکل ساتھ رکھتے ہوۓ لگاتار پندرہ سیکنڈ تک اسپرے کریں ۔

مستقل طور پر اس طرح اسپرے کرنے کے سبب جلد کا درجہ حرارت 60 ڈگری تک بڑھ جاتا ہے جس سے جلد بری طرح جل جاتی ہے اور اس پر چھالے بھی بن جاتے ہیں ۔ جس کو نوجوان اپنی برداشت کا امتحان سمجھتے ہوۓ بڑے فخر سے ایک دوسرے کو دکھاتے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ باقی لوگوں کو بھی یہ کرنے کی تحریک دیتے ہیں

یہ گیم نوجوانوں میں تیزی سے مقبول ہوتا جا رہا ہے اس حوالے سے ایک ماں نے اپنی دس سالہ بیٹی کےبارے میں اپنے سوشل میڈیا اکاونٹ سے بتایا کہ اس کی بیٹی نے بھی یہ گیم کھیلا جس کے نتیجے میں اس کی جلد بری طرح جل گئی اور اس کے نتیجے میں دس دن تک علاج کے باوجود اس کے زخم نہ بھر سکے اور ڈاکٹروں نے اس جگہ پر جلد کی گرافٹنگ کروانے کا مشورہ دیا جو انتہائی تکلیف دہ طریقہ علاج ہے

اپنی اس پوسٹ کے ذریعے اس عورت نے تمام والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں پر خصوصی نظر رکھیں اور اس قسم کے گیم سے ان کو دور رکھیں کیونکہ اس طرح کے گیم نہ صرف بچوں کی جسمانی صحت کے لیۓ ایک خطرہ ہیں بلکہ اس کے ساتھ ساتھ ان کو مختلف قسم کے نفسیاتی عوارض میں مبتلا کرنے کا سبب بھی بن سکتے ہیں ۔

To Top