اربعین کے موقعے پر زائرین کربلا کی مہمان نوازی مفت ہوتی ہے

عراق کے شہر کربلا میں امام حسین اور ان کے ساتھیوں کی شہادت کے چالیس دن بعد اربعین کا موقع آتا ہے۔ اس موقع پر دنیا بھر سے زائرین کربلا آتے ہیں۔ایک اندازے کے مطابق اس وقت بھی کربلا میں تین کڑوڑ زائرین موجود ہیں جن میں سے تیس لاکھ افراد ایران سے آۓ ہیں ۔

دنیا بھر سے آۓ زائرین اس موقعے پر نجف اشرف سے پیدل سفر کر کے کربلا تک جاتے ہیں۔اور حضرت امام حسین کے مزار پر حاضری دیتے ہیں۔ اہل تشیع کے ساتھ ساتھ بڑی تعداد میں سنی بھی اربعین میں شرکت کرتے ہیں اور نواسہ رسول اور ان کے ساتھیوں کے مزاروں پر حاضری دیتے ہیں۔

اربعین کیا ہے ؟

اربعین عربی زبان کا لفظ ہے جس کا مطلب چالیس ہوتا ہے۔ اس کے لۓ لفظ چہلم کا استعمال بھی کییا جاتا ہے۔ امام حسین اور ان کے رفقا کی شہادت دس محرم کو ہوئی تھی۔ اس کے لحاظ سے بیس صفر کو چہلم امام حسین یا اربعین منایا جاتا ہے۔

اربعین کی تاریخ کیا ہے ؟

تاریخ کے مطابق یوم عاشورہ کے دن جب یذیدی افواج نے ظلم و بربریت کی انتہا کرتے ہوۓ نواسہ رسول حضرت امام حسین اور ان کے رفقا کو نہ صرف شہید کر دیا بلکہ امام کے خاندان کی عورتوں اور امام کے بیٹے حضرت زین العابدین کو قید کر لیا۔ اس موقعے پر یذید کی افواج نے ظلم کی نئی نئی تاریخیں رقم کیں ۔

اونٹوں کے اوپر خاندان نبی کی بے پردہ بیبیوں کو بٹھا کر ان کو کوفہ اور شام کے بازاروں سے گزارتے ہوۓ دربار یذید میں پیش کیا گیا۔ اس موقعے پر امام حسین کی ھمشیرہ بیبی زینب اور حضرت امام زین العابدین کے خطبات نے حق اور سچائی کا علم بلند کیا۔ انہوں نے لوگوں کو بتایا کہ امام نے اپنی اور اپنے رفقا کی جان دین کے لۓ کیسے قربان کی۔

ان کے ان خطبات کے سبب دربار یذید میں ہی یذید کے اس عمل کی مخالفت شروع ہو گئی تھی اور مجبورا یذید کو خاندان نبی کی عورتوں ، بچوں اور امام زین العابدین کو آزاد کرنا پڑا۔ آزادی کے بعد ان سب نے سب سے پہلے کربلا کی جانب سفر کیا۔ تاکہ ان پامال لاشوں کی خبر لے سکیں جن کو وہ میدان کربلا میں بے گور و کفن چھوڑ آۓ تھے ۔

اربعین کے دن ان مظلوموں کا قافلہ بیبی زینب اور امام زین العابدین کی سربراہی میں کوفہ پہنچا تھا۔ اسی سبب زائرین بھی اس واقعے کی یاد میں اس دن کربلا حاضری دیتے ہیں ۔

سفر عشق۔۔۔۔۔۔۔۔۔ نجف تا کربلا

زائرین خاندان رسول کی صعوبتوں اور دکھوں کو محسوس کرتے ہوۓ نجف سے کربلا اربعین کے لۓ پیدل آتے ہیں۔ یہ ایک سفر عشق ہوتا ہے۔کیونکہ اس کا مقصد صرف اور صرف ان لوگوں کی تکلیفوں اور صعوبتوں کو یاد کرنا ہوتا ہے جن سے آپ محبت کرتے ہیں ۔ اسی کلو میٹر کا یہ فاصلہ دو سے تین دن میں زائرین طے کر کے کربلا تک پہنچتے ہیں۔

سفر عشق میں آپ کا مہمان نواز کون ہوتا ہے ؟

نجف سے کربلا تک کے اس سفر کے راستے میں سیکڑوں مواکب یا عارضی خیمے رضاکاروں کی طرف سے لگا دیۓ جاتے ہیں۔ جہاں پر زائرین کی خدمت کے لۓ وہ ہمہ وقت حاضر ہوتے ہیں ۔ کھانے پینے ، آرام کے علاوہ گرم پانی سے پیر دھلوانے تک کا عمل رضا کاروں کی جانب سے بلا معاوضہ کیا جاتا ہے۔

سفر عشق کے ان مہمانوں کی میزبانی کا صلہ وہ صرف اپنے رب کی جانب سے چاہتے ہیں۔

حضرت عباس کے روضۓ پر حاضری

نجف سے شروع ہونے والے اس سفر میں روضہ امام حسین سے قبل روضہ حضرت عباس کے روضے پر حاضری دی جاتی ہے۔ تاریخ کے مطابق حضرت عباس کربلا کے لشکر کے علم بردار اور امام حسین کے چھوٹے بھائی تھے۔ زائرین اربعین کے موقعے پر پہلے حضرت عباس کے روضے کی زیارت کر کے زیارت روضہ امام حسین کرتے ہیں۔

عشق کا یہ سفر صدیوں سے جاری ہے۔ اور شائد صدیوں تک نواسہ رسول کی قربانی کی یاد میں اسی طرح جاری رہے۔ زائرین دہشت گردی کی ہر دھمکی کے باوجود اربعین کے موقعے پر کربلا میں جمع ہوتے ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ مارنے سے بچانے والی ذات زیادہ بڑی ہے ۔اور سچائی کے راستے میں آنے والی موت انسان کو امر کر دیتی ہے ۔

To Top