زندگی تنہا نہیں گزاری جا سکتی اسی سبب اللہ نے حضرت آدم کو بھی بی بی حوا سے نوازا تھا ۔ ایک ساتھی کی ضرورت ہر موقعے پر انسان کو ہوتی ہے اور ساتھی کے ساتھ خوشگوار تعلقات زندگی کو جنت بھی بنا سکتے ہیں اور ناخوشگوار تعلقات ہنستی کھیلتی زندگی کو جہنم بھی بنا سکتے ہیں ۔
یاد رکھیں تالی ہمیشہ دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے لہذا صرف یہ امید اور توقع رکھنا کہ تعلقات کو صرف آپ کا ساتھی ہی بہتر بناۓ گا بے وقوفی کے علاوہ کچھ نہیں ہوتا ۔تعلقات کو بہتر کرنے کے لۓ آپ کو بھی برابر ہی کی جدوجہد کرنی پڑے گی ۔آج ہم آپ کو کچھ باتیں بتاتے ہیں جو تعلقات کو بہتر بنانے کے لۓ مدد گار ثابت ہوں گی
کبھی بھی اپنے ساتھی کے ساتھ جھوٹ نہ بولیں
ایک دفعہ کا بولا گیا جھوٹ آپ کا اعتبار ہمیشہ کے لۓ خراب بننے کا سبب بن سکتا ہے لہذا اس بات کی کوشش کریں کہ اپنے ساتھی کے ساتھ جھوٹ نہ بولیں ۔اس سے آپ کا اعتبار قائم رہے گا جو کسی بھی تعلق کے لۓ پہلی سیڑھی ہوتا ہے ۔
اپنے محسوسات اپنے ساتھی سے نہ چھپائیں
آپ کے ساتھی کے ساتھ آپ کے تعلقات انہی محسوسات کی ڈور سے بندھے ہوتے ہیں لہذا کبھی بھی اپنے احساسات اپنے ساتھی سے نہ چھپائیں ۔پسندیدگی، ناپسندیدگی غصہ ناراضگی ہر چیز بیان کر دیا کریں ۔اس کی مدد سے آپ کے ساتھی کو آپ کو جاننے اور سمجھنے میں مدد ملے گی اور آپ کی قربت میں اضافہ ہو گا ۔
سونے سے قبل جھگڑا ختم کر کے سوئیں
جہاں محبت ہوتی ہے وہاں توقعات اور امیدیں بھی ہوتی ہیں اور ان کے پورے نہ ہونے پرمایوسی بھی ہوتی ہے جو جھگڑے کا سبب بن سکتی ہیں مگر ایک اصول بنا لیں کہ بستر پر جانے سے قبل اس جھگڑے کو نبٹا کر سوئیں ورنہ گزرنے والی ایک رات اس میں اندیشوں اور وسوسوں کا انبار لا کر کھڑا کر سکتی ہے لہذا بستر پر جانے سے قبل دل صاف کر کے ہر جھگڑے کا خاتمہ کر لیا کریں ۔
اپنے ساتھی کو تبدیل کرنے کی کوشش نہ کریں
ہر انسان میں خامیاں اور کمیاں موجود ہوتی ہیں آپ بھی ان سے مبرا نہیں ہیں لہذا اپنے ساتھی کو اپنی پسند کے ڈھانچے میں تبدیل کرنے کی کوشش نہ کریں وہ جیسا ہے اس کو ویسا ہی قبول کر کے اس کی ہر بات سے محبت کریں ۔اس طرح رفتہ رفتہ وہ ویسا ہی ہو جاۓ گا جیسا آپ اس کو دیکھنا چاہتے ہیں ۔
صرف زبانی طور پر سوری کہہ کر جھگڑا ختم کرنے کی کوشش نہ کریں
اکثر یہ دیکھنے میں آیا ہے کہ بات کو ختم کرنے کے لۓ یا جھگڑے سے جان چھڑانے کے لۓ سوری کہہ لیا جاتا ہے حالانکہ غلطی بھی نہیں ہوتی اس کا نقصان یہ ہوتا ہے کہ دلوں میں گرہ پڑ جاتی ہے جو تعلق کو کمزور کرنے کا سبب بنتی ہے لہذا کبھی بھی غلطی نہ ہونے پر سوری نہ کہیں ۔
اپنے آج کو اچھا گزارنے کی کوشش کریں
تعلقات کی خوبصورتی آج کو اچھا کرنے میں ہے اپنی توانائی کو آج کو سنوارنے میں خرچ کریں آپ کا کل خودبخود اچھا ہو چاۓ گا ۔ جو وقت آپ کو مل رہا ہے اس کو ضائع نہ کریں ۔ کوشش کریں کہ اس کو بہتر سے بہترین بنائیں ۔
اپنے ساتھی کے احساسات کا خیال رکھیں
زندگی کچھ لینے اور دینے کا نام ہے آج آپ اپنے ساتھی کے احساسات کا خیال رکھیں گے تو کل کو وہ بھی آپ کا خیال رکھے گا ۔صرف اپنی خوشی کا سوچنے کے بجاۓ سامنے والے کی خوشی کا بھی خیال رکھیں آپ کو حقیقی خوشی اسی سے حاصل ہو گی۔
یہ سب باتیں باہمی تعلقات کی بہتری کے لۓ انتہائی اہم ثابت ہوں گی امید ہے کہ آپ اس سے فائدہ اٹھائيں گے