اسلام کے مطابق اللہ کے ناموں سے اپنی مشکلات کا حل نکالنے کا طریقہ جانۓ

اللہ نے انسان کو اس دنیا میں آزمائش کے لۓ بھیجا ہے ۔ اور اس آزمائش کے دوران اس کو طرح طرح کی مصیبتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ایسے وقت میں بہت سارے انسان مشکلات سے گھبرا کر راستے سے بھٹک جاتے ہیں اور یہ فراموش کر بیٹھتے ہیں کہ یہ صرف اور صرف اللہ کی جانب سے لیا جانے والا امتحان ہے۔ اور اس کا صلہ بھی وہی دے گا۔

اللہ کی انسان سے محبت کی شدت کو ناپنے کے لۓ ستر ماؤں کی مثال دی جاتی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ اللہ کی اپنے بندوں سے اس کی محبت کو ناپنے کا پیمانہ آج تک دریافت ہی نہ ہو سکا ہے۔

اللہ ذوالجلالِ والاکرام کے تمام نام بہترین ہیں،لہٰذا ان میں کسی بھی قسم کی تاویل، تعطیل یا تشبیہ یا انکار کا عقیدہ رکھنا صریحاً الحاد ہے۔ اللہ رب العزت کے کسی بھی نام کو اس سے دعاء میں وسیلہ بنایا جاسکتا ہے اور یہی سب سے بہترین وسیلہ ہے۔ اللہ تعالیٰ کا فرمانِ مبارک ہے:

وَللہ الْاَسْمَآءُ الْحُسْنٰی فَادْعُوْہُ بھَا وَ ذَرُوا الَّذِین یُلْحِدُوْنَ فی اَسْمَآئِہٖ، سَیُجْزَوْنَ مَاکَانُوْا یَعْمَلُوْنَ   (الاعراف:180)

’’اور اللہ تعالیٰ کے لئے اچھے نام ہیں، لہٰذا انہی کے ساتھ اسے پکارو اوران لوگوں کو چھوڑ دو جو اس کے ناموں کے بارے میں کج روی کا شکار ہیں، جو کچھ وہ کرتے ہیں اس کا انہیں عنقریب بدلہ دیا جائے گا۔‘

اسی طرح حدیث نبوی ہے بے شک اللہ تعالی کے ننانوے نام ہیں جنہوں نے ان ناموں کو یاد کیا وہ جنت میں داخل ہو گا ۔ صحیح بخاری 

اللہ تعالی کے ان ناموں کو وسیلے بنا کر مانگنے کی مثال ہمیں اسوہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے بارہا ملتی ہے ۔پیارے نبی اللہ کے ناموں کے وسیلے سے اس طرح دعا کیا کرتے تھے

اَسْاَلُکَ بِکُلِّ اسْمٍ ھُوَ لَکَ سَمَّیْتَ بِہٖ نَفْسَکَ اَوْ عَلَّمْتَہٗ اَحَدًا مِنْ خَلْقِکَ اَوْ اَنْزَلْتَہٗ فِیْ کِتَابِکَ اَوِ اسْتَاْثَرْتَ بِہٖ فِیْ عِلْمِ الْغَیْبِ عِنْدَکَ ۔

’’اے اللہ! میں تیرے ہر اس نام کے واسطے سے تجھ سے سوال کرتا ہوں، جو تو نے اپنی ذات کے لئے پسند فرمایا، یا اپنی کتاب میں نازل فرمایا، یا اپنی مخلوقات میں کسی کو سکھادیا یا اسے اپنے خزانۂ غیب میں مخفی رکھا۔‘‘

اللہ انسان کو جن طریقوں سے آزماتا ہے وہ اس کی صحت،مال اور اولاد ہے اس آزمائش کے دوران اللہ چاہتا ہے کہ انسان ایسے موقعوں پر اس کو پکارے تاکہ وہ نہ صرف ان کی مدد کرے بلکہ اس کو دور بھی کرے ۔

مالی پریشانی کے لۓ

اللہ کی ذات انتہائی جلیل القدر ہے۔ وہ کبھی انسان کو مال دے کر آزماتا ہے کہ مال ملنے کےبعد اس انسان کے رویۓ میں غرور تو نہیں آگیا۔ اور کبھی مال نہ دے کر آزما تا ہے کہ کہیں بندہ اس آزمائش کے وقت اللہ کے علاوہ کسی اور کو سہارا تو نہیں بنا رہا۔ اسی لۓ بڑوں کا یہ کہنا ہے کہ ہر صورت میں الحمد للہ کہنا اپنا وطیرہ بنا لینا چاہۓ ۔تاکہ اپنے رب کے شکر گزار بندے بن سکیں ۔ اس کے علاوہ یا غنی کا ورد کرنے سے بھی انسان کی ضروریات کی تکمیل ہوتی ہے۔

یا حی یا قیوم  بھی اللہ کے ناموں میں سے وہ اسم اعظم ہے جو نہ صرف پریشانیوں کے خاتمے کا سبب بنتا ہے اس کے ساتھ ساتھ رحمتوں کا باعث بھی ہوتا ہے ۔

صحت کے مسائل کے لۓ

بڑوں کا کہنا ہے کہ تندرستی ہزار نعمت ہے اور ٹھیک ہی کہنا ہے بغیر صحت کے زندگی ایک دیمک لگے دروازے کی طرح ہوتی ہے جو کسی وقت بھی گر سکتی ہے۔ ایسے حالات میں اللہ کا سب سے پہلا حکم ہی یہ ہے کہ اپنے معالج کی طرف رجوع کرو اور پھر علاج کے ساتھ ساتھ اللہ کو بھی پکارو احادیث سے ہہاں تک ثابت ہے کہ اللہ بیمار بندے کے نہ صرف گناہ معاف کرتا جاتا ہے اس کے ساتھ وہ اس کی دعائیں جلدی قبول کرتا ہے ۔

اللہ کے ناموں میں سے ایک نام یا قوی ہے ۔اس کا مستقل ورد انسان کو اندر باہر سے مضبوط بناتا ہے اور وہ بیماریوں کا مقابلہ بہتر طور کر سکتاہے ۔ اس کے علاوہ شدید بیماری کی حالت میں یا سلام اور یا رحیم کا ورد بھی انتہائی مفید ثابت ہوتا ہے ۔

اولاد سے متعلق مسائل کے لۓ

انسان کے دل میں اللہ تعالی نے ہی اولاد کی محبت ڈالی ہے تا کہ اس محبت کے سبب وہ اس کی بہتر تربیت کر سکے اور اس کی پرورش کر سکے ۔ مگر یہ اولاد اور اس کی محبت ایک آزمائش سے کم نہیں ہوتی ۔ ایسے حالات میں یا وارث کا ورد اللہ کی جانب سے باعث رحمت ہوتا ہے ۔

اس کے ساتھ ساتھ ہر وقت اٹھتے بیٹھتے المعز المزل کا ورد رکھیں اور اپنی اولاد کو بھی اللہ کے ذکر کی جانب راغب کریں ۔ بعض اوقات اللہ لوگوں کو اولاد نہ دے کر بھی آزماتا ہے ۔ اس کے دل میں اولاد کی محبت دینے کے بعد اولاد سے محروم کر دینا بھی اللہ کی آزمائش کا ایک روپ ہے ۔

اس حالت میں شکر کا دامن کبھی ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہۓ ۔ اس کے بعد اولاد کے لۓ دعا کرنا اللہ کو پسند ہے کہ بندہ اس سے گڑگڑا کر مانگے ۔ اور ہر پل یا مالک الملک ذوالجلال الاکرام کا ورد جاری رکھیں ۔ اللہ جلد نیک اولاد سے نوازے گا۔

اللہ کے صرف یہی ننانوے نام نہیں ہیں۔ یا کوئی نام ایسا ہے جس پر اللہ سنتا ہے اور کچھ ناموں سے پکارنے پر اللہ نہں سنتا ۔ تو یہ غلط ہے اللہ ہر پل ہر جگہ موجود ہے اور آپ کی ہر پکار نہ صرف سنتا ہے بلکہ جواب بھی دیتا ہے ۔ یہ الگ بات ہے کہ ہم سننے سے قاصر ہوتے ہیں

To Top