الیکشن سے قبل ایک عام پاکستانی نے سیاسی رہنماؤں سے کیا مطالبہ کر ڈالا کہ سب دنگ رہ گۓ

محترم اور ذی وقار جناب نواز شریف صاحب،عمران خان صاحب ، بلاول زرداری بھٹو صاحب، اور دیگر چھوٹے موٹے سیاست دانوں، یقینا آپ لوگ صحت کی بہترین حالت میں ہوں گے ،آپ کے گھروں میں بجلی آرہی ہو گی ،نلکوں میں پانی بھی آرہا ہو گا اور ہر طرف سکون ہی سکون ہو گا۔ ایک دوسرے سے لفظوں کی جنگ میں مصروف ہوں گے اور اس کے لئے اپنے پاس اجرتی مشیر و وزیر لے کے بیٹھے ہوں گے جو ٹی وی ، اور سوشل میڈیا پر آپ کی جانب سے گولہ باری کر رہے ہوں گے اور آپ لوگوں کی تقاریر اور ان کے نکات بنا رہے ہوں گے۔

04

ویسے تو آپ سب کو اس سے کوئی مطلب نہ ہو گا کہ میں کس حال میں ہوں مگر پھر بھی بتا دیتا ہوں کہ میں اس وقت آپ لوگوں کے فضل و کرم سے بدترین حالات میں ہوں۔کہنے کو تو اللہ نے مجھے تین بیٹوں سے نوازا ہے مگر کیا کہوں آج تک ان بوڑھی ہڈیوں کے ساتھ پنکچر کی دکان چلا رہا ہوں ایسا نہیں ہے کہ میرے بیٹے نکھٹو ہیں یا خدانخواستہ کام چور ہیں ۔تعلیم بھی میں نے چودہ چودہ جماعتوں تک دلوائی ہیں ۔ مگر آج تک نوکری سے محروم ہیں ۔ وہ تو کہتے ہیں ابا اب تم گھر بیٹھو ہم دکان سنبھال لیتے ہیں مگرمیری خواہش ہے کہ ان کو کہیں ان کی تعلیم کے مطابق نوکری مل جاۓ ۔

آپ کو لگ رہا ہو گا کہ یہ بڈھا اب آپ لوگوں سے اپنے تین بیٹوں کے لۓ نوکری مانگے گا تو نہیں بھئی ایسا کچھ نہیں ۔ یونہی ایک خیال آگیا تھا کہ وہ بھی تو کسی باپ کے بڑھاپے کا سہارہ ہوتے ہوں گے نا جو آپ لوگوں کے باہمی جھگڑوں کی بھینٹ چڑھ گئے، ان کے باپوں نے بھی ان کو اپنا خون دے کر پالا ہو گا جس کو آپ لوگوں نے ہمارے پیسوں سے خریدے گئے آنسو گیس کے شیل پھینک پھینک کے مار ڈالا ۔ کل سے نیند بھوک پیاس سب اڑی ہوئی ہوئی ہے خودکو قصوروار محسوس کر رہا ہوں اور آپ لوگ یوم تشکر منائیں گے؟

08

کیوں لڑتے ہیں آپ لوگ ؟؟ ہم غریبوں کو مارنے کے لئے ؟ اپنی اولادوں کو، اپنے پیسوں کو، اپنے کاروباروں کو، اپنی جائیدادوں کو ملک سے باہر رکھ کر آپ کیسے جان سکتے ہیں کہ ہم بغیر بجلی ،بغیر پانی اور بغیر روزگار کےکیسے زندہ ہیں۔ صرف ایک درخواست کرنی تھی آپ سب سے کہ خدا کا واسطہ ہے ہمیں ہمارے حال پر چھوڑ دیں۔

آپ بتائیں لوٹی رقم آ بھی گئی تو کیا وہ ان شہیدوں کو واپس لا پاۓ گی؟ ایک باپ کا کلیجہ ٹھنڈا کر پاۓ گی؟ اور جو ہمارے پیسوں کی پولیس کی گاڑیاں آپ لوگوں نے جلوائیں ان کا حساب کون دے گا؟

آخر میں بس اتنا کہوں گا کہ آپ لوگ وہاں جا کے رہیں جہاں آپ کا سب کچھ ہے، میرے ملک کا سکھ اور چین برباد نہ کریں آپ میں سے کوئی قائد اعظم نہیں بن سکتا جس نے خون بہاۓ بغیر اتنی بڑی جنگ جیتی ۔

فقط، ایک بوڑھا پاکستانی

کورونا آگاہی مہم؛ قومی کرکٹرزبھی عوامی آگاہی کیلئے میدان میں آگئے

To Top