مشہور اداکار احسن خان جو کہ مختلف ڈراموں کے ذریعے اپنی اداکاری کا لوہا منواچکے ہیں ۔ہر کردار میں جس طرح وہ ڈوب کر اداکاری کرتے ہیں وہ اس کردار کو امر کر دیتا ہے ۔اس کی مثال ڈرامہ اڈاری میں ان کا کیا جانے والا منفی کردار ہے ۔جس میں انہوں نے اپنی اداکاری سے ایک مثبت پیغام کی ترویج کی۔
اداکاری کے ساتھ ساتھ احسن خان سوشل ورک کے حوالے سے بھی کافی جانے پہچانے جاتے ہیں۔انہوں نے ڈرامہ اڈاری میں بھی اپنے معاوضے کا بیس فیصد ان تنظیموں کو دینے کا اعلان کیا تھا جو کہ بچوں کی بہبود کے لیۓ کام کر رہی ہیں۔
https://www.facebook.com/ahsan.khan.961556/videos/10215499436018254/
ان کی ان خدمات کا سلسلہ یہیں تک نہیں رکا بلکہ احسن خان نے اس بار اپنے انسٹاگرام کے ذریعے لوگوں کی توجہ ایک ایسی غریب بچی افشین کی جانب مبذول کروائی جس کی آٹھ ماہ کی عمر میں لگنے والی چوٹ اس کی معذوری کا سبب بن گئی ۔
آٹھ ماہ کی عمر تک یہ بچی بھی عام بچوں کی طرح تھی۔ مگر ایک دن سر کے بل گرنے کے سبب اس کی گردن کی ہڈی میں فریکچر ہو گیا۔ غربت کے سبب مناسب علاج نہ ہو سکا اور اس کی گردن اس کی ریڑھ کی ہڈی کے ساتھ جڑ گئی۔
اب وہ بچی دس سال کی ہو چکی ہے اور اس کی گردن بالکل ٹیڑھی ہے اس وجہ سے اس کو زندگی کے معاملات کی انجام دہی میں بہت مشکلات کا سامنا ہے ۔ڈاکٹرز کے مطابق اس کا مرض قابل علاج ہے مگر اس کے والد جو کہ خود بھی منہ کے کینسر میں مبتلا ہیں اس کا علاج نہیں کرواسکتے۔
احسن خان کی اس پوسٹ کے بعد اور ان کی اس کے والدین سے ملاقات کے بعد میڈیا کی توجہ بھی اس بچی کی جانب مبذول ہوئی اور امید پیدا ہوئی ہے کہ افشین کو اب نہ صرف معذوری سے نجات مل پاۓ گی بلکہ اب وہ بھی علاج کے بعد عام بچوں کی طرح زندگی گزار پاۓ گی ۔