ڈاکٹر اسفی کے کردار سے شہرت پانے والے احد رضا میر کی نئی پرواز

پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کو یہ اعزاز حاصل رہا ہے کہ انہوں نے نہ صرف نۓ  ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کی ہے،بلکہ اس کے ساتھ ساتھ ان کو تراش خراش کے ایسے ہیرے میں بھی تبدیل کیا ہے، جو کہ سب کی آنکھوں کو خیرہ کرنے کا باعث بنتے ہیں ۔۔فواد خان اس کی ایک اہم مثال ہیں اور آج کل احد رضا میر نے اپنی اداکاری اور اسمارٹنس سے سب کو متاثر کیا ہوا ہے ۔

احد رضا میر کے بارے میں کم لوگوں کو یہ پتہ ہو گا کہ وہ پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے لۓ نووارد نہیں ہیں ۔بلکہ کئی ڈراموں میں اپنے بچپن میں بھی چائلڈ اسٹار کے طور پر اپنے فن کا جلوہ دکھا چکے ہیں ۔ اس کے بعد انہوں نے کینیڈا سے اداکاری اور ڈائرکشن کی تعلیم حاصل کی ۔ان کا پہلا ڈرامہ سمی تھا جو ہم ٹی وی پر نشر کیا گیا جس کا مختصر کردار ان کی شناخت کا باعث تو بنا مگر مقبولیت نہ دلا سکا ۔

اس کے بعد ہم ٹی وی نیٹ ورک ہی کے ڈرامے یقین کے سفر میں ڈاکٹر اسفندیار کا کردار شائقین میں جس طرح سراہا جا رہا ہے ،اس سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ احد رضا میر کا مستقبل بہت روشن ہے ۔احد رضا میر کا تعلق میڈیا انڈسٹری سے پچھلی تین نسلوں پر محیط ہے ان کے دادا رضا میر پاکستان کی فلم انڈسٹری کے بانی ارکان میں سے ایک ہیں اور ان کے والد آصف رضا میر اپنے دور کے مشہور اداکار، ہدایتکار اور اشتہاری ایجنسی کے مالک ہیں ۔

احد رضا میر کی پیدائش 29 ستمبر 1993 کو کراچی میں ہوئی ۔ ان کی ابتدائی تعلیم کراچی سے ہی ہے اور یونیورسٹی آف کیلیگری کینیڈا سے انہوں نے بی ایف اے ڈرامہ کی ڈگری حاصل کی ہے۔ یہ باصلاحیت اور نوارد اداکار اس انڈسٹری میں انتہائی ذمہ داری اور سمجھ داری سے قدم بڑھا رہا ہے ،یہی سبب ہے کہ انہوں نے زیادہ کام کرنے کے بجاۓ کوالٹی کام کرنے پو توجہ دی ہے ۔

 

احد رضا میر کے آنے والے پروجیکٹ میں فلم پرواز ہے جنون شامل ہے جس کی ریلیز دسمبر میں متوقع ہے یہ فلم پاکستان ائیر فورس کے تناظر میں بنائی جانے والی فلم ہے اس کی نمایاں کاسٹ میں احد کے ہمراہ حمزہ علی عباسی ،ہانیہ عامر، کبرہ خان اور شمعون عباسی شامل ہیں ۔اس فلم کے بارے میں احد رضا میر کا کہنا ہے کہ توہ بہت پر جوش ہیں مگر اس کے ساتھ ساتھ نروس بھی ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ یہ کامیڈی ،ایکشن ،ڈرامہ اور رومانس سے بھرپور فلم ہے انہیں یقین ہے کہ یہ دیکھنے والوں کو پسند آۓ گی ۔

احد رضا میر کا کہنا ہے کہ ہمیں لوگوں سے یہ درخواست کرنے کے بجاۓ کہ وہ پاکستانی فلم انڈسٹری کو سپورٹ کریں ایسی معیاری فلمیں تخلیق کرنی چاہیں جو کہ فلم بینوں کو سینما ہاوسز کی طرف راغب کریں ۔ اس کے لۓ یہ بہت ضروری ہے کہ پرانے لوگوں کے ساتھ ساتھ نۓ ڈائریکٹر اس شعبے میں آئیں اور اپنا کردار ادا کریں۔

To Top