امریکہ بڑا عجیب ملک ہے

Disclaimer*: The articles shared under 'Your Voice' section are sent to us by contributors and we neither confirm nor deny the authenticity of any facts stated below. Parhlo will not be liable for any false, inaccurate, inappropriate or incomplete information presented on the website. Read our disclaimer.

مجھے  معلوم نہیں  کہ انسانی آنکھ سے امریکہ کیسا دکھائی دیتا ہے ۔ البتہ کافی کچھ سننے کو ملتا رہتا ہے ، بزرگوں کا کہنا ہے کہ کہے سنے پر مت جایا کرو ۔ بزرگ بالکل ٹھیک کہتے ہیں ۔ خدا بھلا کرے یونائیٹڈ سٹیٹس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن پاکستان کا کہ اس تنظیم نے میری بہن کو بھی موقع فراہم کیا تا کہ وہ کھلی آنکھ سے امریکہ کا مشاہدہ کر سکے ۔ کچھ لوگ مشاہدے کی نگاہ سے دنیا کا جائزہ لیتے ہیں ، تو کچھ نابغہ روزگار شخصیات اس صلاحیت کو بروئے کار لاتے ہوئے صرف اپنی خوبیوں کا جائزہ لیتے ہیں ۔

خیر ، اس موضوع پر کسی بھلے وقت میں بات ہوگی ۔ میں اس بات کا تذکرہ کر رہا تھا کہ میری سگی بہن کو امریکہ گئے لگ بھگ 2 مہینے 3 روز ہوچکے ہیں ، اس سارے عرصے کے دوران مجھے اور میرے گھر والوں کو امریکہ سے جڑی کئی کہانیاں اور دلچسپ باتیں سننے کو ملتی ہیں ۔ کبھی کبھی مجھے اس کی باتیں سن کر امریکہ بڑا عجیب ملک لگتا ہے۔

آپ ہی بتائیے ، مجھے امریکیوں سے اس وقت کتنی ہمدردی ہوئی ہوگی جب مجھے پتا چلا ہوگا کہ امریکہ میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ نام کی کوئی چیز نہیں ۔ یقین مانیں، میں ہی سمجھ سکتا ہوں کہ لوڈ شیڈنگ دراصل زندگی کی علامت ہے، آپ لوگ سوچ رہے ہونگے یہ کیسی فضول بات ہے؟ آپ ایک لمحے کو اس مسرت اور جوش کا اندازہ لگائیں جو ہمارے ہاں چلچلاتی دھوپ میں لوڈ شیڈنگ کے طویل وقفے کے بعد بجلی آنے کی صورت میں ہر ذی روح کے چہرے سے عیاں ہوتا ہے ۔

کتنے تعجب کی بات ہے کہ امریکہ جیسے ملک کے باشندے اس حقیقی خوشی سے محروم ہیں

گزشتہ ہفتےکی بات ہے، ایک بار پھر امریکہ سے نئی اور حیران کن باتیں میری سماعت کی نذر کی گئیں۔ میں ان باتوں کو غور سے سنتا جا رہا تھا اور اس کے ساتھ ساتھ میرے تعجب میں اضافہ ہورہا تھا۔ اس بار مجھے یہ سننے کو ملا کہ امریکی باشندے ہر شخص سے مسکرا کر بات کرتے ہیں۔  میرا ماتھا ٹھنکا، میں نے بلا تامل سوال کیا مطلب لڑکیاں بھی؟ بہن نے پوچھا کیا مطلب؟ میں سمجھی نہیں میں نے ذرا وضاحت سے کہا  میرا مطلب ہے کہ لڑکیاں بھی سب سے ہنس کر اور مسکرا کر بات کرتی ہیں اور لڑکوں سے بات کرتے ہوئے بھی ان کا رویہ ایسا ہوتا ہے؟

اس بات پر میری بہن نے قہقہہ لگایا۔ مجھے لگا کہ میں نے کوئی عجیب و غریب سوال پوچھ لیا ۔ مگر یہ اندازہ ہوگیا کہ میرے شکوک و شبہات ٹھیک ہی ہیں۔  لیکن پھر میں شش و پنج میں مبتلا ہوگیا ، کہ امریکہ واقعی بڑا عجیب ملک ہے جہاں لڑکیاں خود کو لڑکوں کے ہم پلہ ثابت کرنے لیے کیسی بیہودہ حرکتیں کرتی ہیں ۔ شکر ہے ہمارے ہاں ان سب باتوں کو معیوب سمجھا جاتا ہے۔

To Top